کوٹلی، وزیر مال فاروق سکندر خان کی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت

جمعہ 7 اگست 2020 16:37

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2020ء) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر مال سردار فاروق سکندر خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پورے خطے کے امن وسلامتی کو خطرے میں ڈال رکھا ہے، ایل او سی پر فائرنگ سے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم چھپ نہیں سکتے، بار بار سیز فائر کی خلاف ورزی، شہری آبادی پر فائرنگ جنوبی ایشیا میں جنگ بھڑکانیکی بھارتی سازش ہے، بھارتی جنگی جنون پر عالمی برادری، اقوام متحدہ کی خاموشی عالمی امن سے بے پروائی جیسی ہے۔

سردار فاروق سکندر خان نے کہا کہ دنیا تماشا دیکھنے کے بجائے بھارت کو عالمی قانون کی خلاف ورزیوں سے روکے، کشمیری نوجوانوں نے برہان وانی کی شہادت کے بعدجس انداز سے کشمیری جد وجہد آزادی کو زندہ رکھا ہوا ہے وہ خود بھارت کے لیے ایک بڑا درد سر بن گیا ہے، مودی سرکار نے کشمیر کی حثیت تبدیل کر کے ظلم وبربریت کی نئی داستان رقم کی بھارت فوجی محاصرہ ختم کرے پتہ چل جائے گا کشمیری کیا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر مال سردار فاروق سکندر خان نے پاک فوج کی جانب سے مؤثر جواب دینے کا خیر مقدم بھی کیا اور3 شہریوں کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے محکمہ صحت کی انتظامیہ کو زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے ضروری ہدایات بھی دیں۔

کوٹلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں