قبائلی علاقوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے،میجرجنرل نعمان زکریا

جمعرات 29 مارچ 2018 12:12

قبائلی علاقوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے،میجرجنرل نعمان زکریا
کرم ایجنسی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2018ء) پاک فوج کے میجر جنرل نعمان زکریا نے کہا کہ قبائلی علاقوںکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے ، قیام امن کے ساتھ ساتھ ہسپتال اور سڑکوں سمیت ترقیاتی کاموں پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ان خیالات کااظہار9 ڈویژن کے کمانڈر میجر جنرل نعمان زکریا کرم ایجنسی کے دورے کے موقع پر صدہ میں قبائلی عمائدین کے جرگہ سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوںنے کہا کہ فورسز فاٹا میں دیر پا امن کے قیام کیلئے کوشاں ہیں اور امن و امان کے ساتھ ساتھ فاٹا میں عوامی مسائل کے حل کے لئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہیں ۔اس موقع پربریگیڈیئر اختر علیم، کمانڈنٹ کرم میلشیاء راشد جاوید اور پولیٹیکل ایجنٹ کرم ایجنسی بصیر خان وزیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے حاجی سلیم خان ،فخر زمان بنگش، حاجی عبدالمنان اور دیگر قبائیلی عمائدین نے کہا کہ فورسز نے قلیل مدت میں قبائلی علاقوں کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ قابل ستائش ہیں ۔

قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دور دراز علاقوں میں ہسپتالوں اور سڑکوں کی تعمیر سمیت ریکارڈ تعمیراتی کام کئے ہیں عمائدین نے کرم ایجنسی میں کیڈٹ کالج کی منظوری کا بھی مطالبہ کیا میجر جنرل نعمان زکریا نے دورہ کرم ایجنسی میں لوئر کرم ایجنسی اور وسطی کرم کے دور دراز علاقوں کا بھی دورہ کیا۔

کرم ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں