این اے 45 کرم ، ضمنی الیکشن کے ابتدائی نتائج میں آزاد امیدوار نے کم بیک کرلیا

54 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں آزاد امیدوار سید جمال 7 ہزار 851 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ملک فخر زمان 7 ہزار838 ووٹ لے کردوسرے نمبر پر آگئے

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 19 فروری 2021 19:47

این اے 45 کرم ، ضمنی الیکشن کے ابتدائی نتائج میں آزاد امیدوار نے کم بیک کرلیا
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 فروری2021ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں آزاد امیدوار نے کم بیک کرتے ہوئے برتری حاصل کرلی۔تفصیلات کے مطابق سوبہ خیبر پختونخواہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں 54 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں آزاد امیدوار سید جمال 7 ہزار 851 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ملک فخر زمان 7 ہزار838 ووٹ لے کردوسرے نمبر پر آگئے ہیں ، حلقے میں اپوزیشن جماعتوں کے حمایت یافتہ جے یو آئی کے جمیل خان 3 ہزار 3 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

واضح رہے کہ این اے 45 ضلع کرم کی نشست جے یو آئی ف کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی ، یہاں مجموعی طور پر 27 امیدوار میدان میں ہیں تاہم پی ٹی آئی کے فخر زمان بنگش ، آزاد امیدوار سید جمال اور جمعیت علماء اسلام ف کے جمیل خان میں سخت مقابلہ ہے ، حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار 931 ہے جن میں خواتین ووٹرز کی تعداد 70 ہزار 485 ہے ، حلقے میں 134 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب خیبر پختونخوا ۃ سے ہی صوبائی اسمبلی پی کے 63 نوشہرہ ضمنی انتخاب میں 50پولنگ اسٹیشنز کے نتائج میں پی ڈی ایم امیدوار کو برتری حاصل ہے ، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار دوسرے نمبر پر ہیں ۔تفصیلات کے مطابق نوشہرہ کے حلقے پی کے 63 کے ابتدائی طور پر سامنے آنے والے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج میں 50 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ سامنے آیا ہے , ابتدائی نتائج میں مسلم لیگ (ن) اور پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار میاں اختیار ولی 9ہزار 728 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے میاں عمر کاکا خیل 7 ہزار 219 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

واضح رہے کہ پی کے 63 نوشہرہ میں 102 پولنگ سٹیشن قائم ہیں جن میں 52 مرد اور 39 خواتین اور 3 مشترکہ پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ 1 لاکھ 41 ہزار 934 رجسٹرڈ ووٹرز میں 79 ہزار 63 مرد جبکہ 62 ہزار 871 خواتین ووٹرز ہیں ، خیال رہے کہ یہ نشست سابق تحریک انصاف کے صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکا خیل کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی ، یہاں ن لیگ کے میاں اختیار ولی خان پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں جبکہ تحریک انصاف کے میاں عمر کاکا خیل میدان میں ہیں۔

کرم ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں