ضمنی الیکشن، تحریک انصاف بھی اپ سیٹ کرنے کی پوزیشن میں

جے یو آئی ف کی نشست این اے 45 کرم پر حکمراں جماعت کا امیدوار فتح حاصل کرنے کے قریب

muhammad ali محمد علی ہفتہ 20 فروری 2021 00:09

ضمنی الیکشن، تحریک انصاف بھی اپ سیٹ کرنے کی پوزیشن میں
کرم (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 فروری 2021ء) ضمنی الیکشن، تحریک انصاف بھی اپ سیٹ کرنے کی پوزیشن میں، جے یو آئی ف کی نشست این اے 45 کرم پر حکمراں جماعت کا امیدوار فتح حاصل کرنے کے قریب۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے 2 قومی اسمبلی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

تحریک انصاف قومی اسمبلی کی نشست این اے این اے 45 کرم پر فتح حاصل کرنے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حلقہ این اے 45 کرم کے کل 134 میں سے 117 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہو چکے، جن کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار ملک فخر زمان 12 ہزار 800 سے زائد ووٹ حاصل کر کے آگے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار سید جمال 11 ہزار 400 سے زائد ووٹ حاصل کر کے پیچھے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ این اے 45 ضلع کرم کی نشست جے یو آئی ف کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ اس نشست پر فتح کی صورت میں قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی نشستوں میں اضافہ ہو جائے گا۔ دوسری جانب حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں بھی کانٹے دار مقابلہ جاری ہے، 181 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی 69 ہزار 520 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ ن لیگ کی نوشین افتخار 68 ہزار 955 ووٹوں کیساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

پی پی 51 وزیرآباد میں بھی 162 میں سے 137 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہو چکے۔ ان نتائج کے مطابق ن لیگ کی بیگم طلعت محمود 44317 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار چودھری یوسف نے اب تک 38 ہزار 266 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ جبکہ پی کے 63 نوشہرہ میں تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہو چکے، جن کے مطابق مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کو اپ سیٹ شکست دے دی۔ مسلم لیگ ن کے اختیار ولی 21122 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے میاں عمر 17023 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

کرم ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں