کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاںبحق

منگل 30 جنوری 2018 20:14

کرم ایجنسی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2018ء)کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاںبحق، ایک زخمی ہوگیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق اپر کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے مقبل سے ایک گاڑی میں سوارایک ہی خاندان کے افراد جنازے میں شرکت کیلئے نوشہرہ جارہے تھے کہ مقبل کے قریب کچے راستے میں بارانی ندی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار سات افراد میں سے چھ افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

عینی شاہد رحمان مقبل نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین اور تین مرد راویس خان، آمین بادشاہ اور بادشاہ خان شامل ہیں جبکہ ایک شخص سیدا جان زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال پاراچنار پہنچا دیا گیا‘ ڈاکٹر ممتاز کے مطابق زخمی سیدا جان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور طبی امداد دینے کے بعد زخمی کو پشاور ریفر کردیا گیا ‘پولیٹیکل حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی اور علاقائی ذمہ داری کے تحت متعدد افراد گرفتار کرلئے۔

کرم ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں