کرم ایجنسی ،خیبر پختونخوا کی کرم ایجنسی کے علاقے پاراچنار میں دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد زخمی

علاقے کے رہائشی افراد کا واقعے کے خلاف مقامی پریس کلب کے باہر احتجاج ، واقعہ کی تحقیقات شروع

جمعرات 23 جولائی 2020 23:30

کرم ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2020ء) خیبر پختونخوا کی کرم ایجنسی کے علاقے پاراچنار میں دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہو گئے جن میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔پارا چنار کے طوری بازار میں دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہو گئے ،اطراف میں موجود املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ڈی ایس نجب علی نے بتایا کہ آئی ای ڈی کے ذریعے دھماکا کیا گیا جسے سبزی کی ریڑھی میں نصب کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں اکثر سبزی اور پھل فروش ہی موجود ہوتے ہیں اور زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ،ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر قیصر عباس بنگش نے کہا کہ اب تک کم از کم 16 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔دوسری جانب علاقے کے رہائشی افراد نے واقعے کے خلاف مقامی پریس کلب کے باہر احتجاج شروع کردیا ہے۔

کرم ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں