دھماکے میں زخمی ہونے والے پی ٹی آئی رہنما شہید ہو گئے

ڈیرہ غازی خان میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے سابق صوبائی وزیر اکرام اللہ گنڈا پور شہید ہو گئے۔ ڈی پی او

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 22 جولائی 2018 15:13

دھماکے میں زخمی ہونے والے پی ٹی آئی رہنما شہید ہو گئے
ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جولائی2018ء) تحریک انصاف کے صوبائی نشست کیلئے امیدوار اور سابق صوبائی وزیر اکرام اللہ گنڈا پور سمیت 4 افراد خودکش حملے میں زخمی ہوگئے تھے ۔اکرام اللہ گنڈا پور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے مطابق تحصیل کلاچی سے صوبائی نشست کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈاپور کی گاڑی پر خودکش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں اکرام اللہ اور ان کے ڈرائیور سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔

ان کے ڈرائیور پہلے ہی دم توڑ چکے ہیں جب کہ اب اکرام اللہ گنڈا پور بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں۔ اکرام اللہ گنڈا پور کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی تھی۔

(جاری ہے)

لیکن اکرام اللہ گنڈا پور جان کی بازی ہار گئے۔کلاچی دھماکے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا اور جائے وقوعہ پر حصار بناتے ہوئے وہاں کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اکرام اللہ گنڈاپور اپنے گھر سے نکلے تھے اور کچھ دوری پر ہی تھے کہ ان کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا۔عینی شاہد کے مطابق دھماکے کی جگہ پر ایک انسانی سر اور ٹانگیں بھی موجود ہیں ،ْیاد رہے کہ اکرام اللہ گنڈا پور صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 99 سے تحریک انصاف کے امیدوار ہیں۔خیال رہے کہ عام انتخابات میں کچھ روز ہی باقی رہ گئے ہیں۔

ایسے میں کئی سیاسی رہنماؤں کو دہشت گرد حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جو کہ ملک دشمن قوتوں کی طرف سے ملک میں انتخابی عمل کو متاثر کرنے کا ایک طریقہ ہے۔۔اب بھی عام انتخابات 2018ء کے دوران ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت بھی دہشتگردوں کے نشانے پر ہونے کی اطلاعات ہیں، دہشتگرد اور شدت پسند الیکشن کے عمل کو تباہ کرنے کے لیے کسی سیاسی اُمیدوار یا معروف سیاسی شخصیت کو نشانہ بنا سکتے ہیں جبکہ الیکشن کے دوران خود کُش حملوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔تاہم اس حوالے سے سکیورٹی اداروں نے انتظامات کرنے شروع کر دئے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

لادھیوالا وڑائچ میں شائع ہونے والی مزید خبریں