لودہراں شہر کے تمام علاقوں کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتا ہوں۔ڈپٹی کمشنر عمران قریشی

Irfan Feroz Awan عرفان فیروز اعوان جمعرات 23 ستمبر 2021 12:26

لودھراں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2021ء) ڈپٹی کمشنر عمران قریشی حالیہ بارشوں کے پیشِ نظر شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیلئے خود متحرک ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے چیف مونسپل آفیسر زوہیب لغاری کے ہمراہ شہرکے مختلف علاقوں اور ویسٹ ڈمپنگ سائٹس، میونسپل اسٹیڈیم کا معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی کے عمل کا  خصوصی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے اس موقع پر چیف میونسپل آفیسر زوہیب لغاری کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میں شہر کے تمام علاقوں کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتا ہوں۔انہوں نے شہر بھر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال میں بہتری لانے کی ہدایت۔ انہوں نے کہا کہ متوسط اور پسماندہ آبادیوں میں صفائی، ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ وہ خود اندرون شہر کا دورہ کر کے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ گندگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف ٹھوس کارروائی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ ضلع لودھراں کو صفائی کے لحاظ سے مثالی اور بہترین ضلع بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے انقلابی پروگرام ''خدمت آپکی دھلیز پر''کے تحت صفائی مہم پورے عروج پر ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے چیف آفیسران کو ہدایت کی کہ وہ عملہ صفائی کے ہمراہ فیلڈ میں نظر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ عملہ صفائی کی مکمل حوصلہ افزائی کی جائے کیونکہ عملہ صفائی کی انتھک محنت کی بدولت صاف ستھرا ماحول میسر آتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی مہم ''خدمت آپکی دہلیز پر'' کا حصہ بنیں اور انتظامیہ کا ساتھ دیں۔

انہوں نے شہریوں کو احساس ذمہ داری سے کوڑا مقرر کردہ جگہوں اور کوڑا دانوں میں پھینکنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو جگہ جگہ گلی محلوں میں کوڑا پھینکنے سے اجتناب کرنے اور آس پاس کا ماحول صاف ستھرا رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سینیٹری ورکرز کے کام کو سراہا اور ڈیوٹی جانفشانی سے انجام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کوڑے کو بروقت ٹھکانے لگانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے سینیٹری انچارج کو جمع شدہ کوڑا آبادیوں سے دور ڈمپنگ سائٹس پر سائنسی اصولوں کے مطابق دبانے کی ہدایت کی۔

لادھیوالا وڑائچ میں شائع ہونے والی مزید خبریں