کراچی: تین روز قبل گھر سے ملنے والی لاش کا معمہ حل

40سالہ عبدالستار کو اس کی بیوی نے تین بچوں کے ساتھ مل کر قتل کیا ،پولیس

جمعرات 6 دسمبر 2018 17:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) کراچی میں تین روز قبل گھر سے ملنے والی لاش کا معمہ حل ہو گیا۔ مقتول کو اس کی بیوی نے تین بچوں کے ساتھ مل کر قتل کیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں گھریلو جھگڑے کے دوران قتل کی ایک لرزہ خیز واردات ہوئی ہے ۔ کراچی کے علاقے الفلاح سوسائٹی میں تین روز قبل گھر سے ملنے والی لاش کا معمہ حل ہو گیا ہے مقتول کو اس کی بیوی نے 3 بچوں کے ساتھ مل کر قتل کیا۔

تین دسمبر کو تلخ کلامی پر 40 سالہ عبدالستار کو اس کی بیوی حمیدہ نے تین کم عمر بچوں کے ساتھ مل کر تشدد کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس کو اطلاع ملی کہ الفلاح سوسائٹی سے 40 سالہ عبدالستار کی لاش ملی ہے، جس کے اسپتال پہنچنے پر پولیس کو بتایا گیا کہ حادثے کے باعث اس کا انتقال ہوا ہے تاہم پولیس نے اپنی تفتیش شروع کی تو عبدالستار کے جسم پرشدید تشدد کے نشانات پائے گئے۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او الفلاح ندیم بیگ کے مطابق انہیں پہلے روز ہی سے عبدالستار کے قتل کا شبہ تھا۔مقتول کی بیوی حمیدہ کو حراست میں لیاگیا تو اس نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے شوہر کو 17 سالہ بیٹی، 15 سالہ اور 10 سالہ بیٹوں کے ساتھ مل کر قتل کیا ہے۔پولیس نے مقتول کے گھر سے قتل میں استعمال ہونے والا بیلن اور بلا بھی برآمد کرلئے ہیں۔ پولیس نے چاروں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لادھیوالا وڑائچ میں شائع ہونے والی مزید خبریں