پولٹری کی سالانہ نمائش کل سے ایکسپو سنٹر لاہور میں شروع ہو گی ،افتتاح وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدارکرینگے

تین روزہ نمائش میں صنعت مرغبانی سے تعلق رکھنے والی 300 سے زائد ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی تشہیر کرینگی

بدھ 26 ستمبر 2018 13:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن (نارتھ ) کے زیر اہتمام پولٹری کی سالانہ تین روزہ نمائش ’’آئی پیکس 2018 ء‘‘ کل (جمعرات )سے ایکسپو سنٹر لاہور میں شروع ہو گی جس کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکریں گے ۔آئی پیکس 2018 ء کے چیف آرگنائزر رضا محمود خورسند کے مطابق مجموعی طور پر ’’آئی پیکس 2018 ء‘‘ پولٹری کا سب سے بڑا سالانہ میلہ ہے ، جس میں فارمرز پولٹری انڈسٹری میں آنیوالی جدت سے روشناس ہوتے ہیں۔

27 ستمبر سے 29 ستمبر تک جاری رہنے والی تین روزہ نمائش میں صنعت مرغبانی سے تعلق رکھنے والی 300 سے زائد ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی تشہیر کریں گی۔ سینکڑوں کی تعداد میں غیر ملکی مندوبین بھی خصوصی طور پر نمائش میں شرکت کیلئے پاکستان آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کل بروز جمعہ کو اینول ڈنر کی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ہونگے جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ سردارحسنین بہارد دریشک ہونگے ۔

انہوں نے بتایا کہ نمائش میں 3 انٹرایکٹو سیشنز رکھے گئے ہیں، جبکہ کالج ، یونیورسٹیوں کے پرنسپلز ، وائس چانسلرز، ٹی وی اینکرز کو بھی نمائش میں مدعو کیا گیا ہے، علاوہ ازیں افتتاحی اور اختتامی سیشنز میں اعلیٰ حکومتی شخصیات کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے جس سے حکمرانوں کو پولٹری کے مسائل سننے کا موقع ملتا ہے اور صنعت پر مجموعی طور پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں