تین روزہ انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو کل لاہور میں شروع ہوگی

بدھ 26 ستمبر 2018 16:30

لاہور۔26 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) چیئرمین پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن(نادرن زون) ڈاکٹرارشد حنیف چوہدری اور رضا محمود چیف آرگنائزر آئی پیکس 2018ء نے ایک مقامی ہوٹل میں پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام’’انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو ‘‘27 سی29ستمبر 2018 تک ایکسپو سنٹر لاہور میں منعقد کی جائیگی، چیف آرگنائز رضا محمود نی اس پروگرام کے بارے میں مکمل تفصیل سے میڈیا کو آگاہ کیا۔

نمائش کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسائل تو بے شمار ہوتے ہیں لیکن مسلسل کوششوں اور عزم سے ہر طرح کے مسائل حل کئے جا سکتے ہیں، سالانہ کانفرنسوں اور نمائشوں کے انعقاد سے اب ہم عالمی معیار کے برابر آچکے ہیں، سالانہ پولٹری کانفرنس اور نمائش کا سلسلہ 1998 ء سے شروع ہوا اور اب 2018 ء میں 20 ویں کانفرنس اور نمائش منعقد کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن اپنی درخشاں روایات کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی پولٹری کا سالانہ شو شایان شان انداز میں منعقد کروانے جارہی ہے، تین روز ہ سالانہ نمائش میں 300 غیر ملکیوں سمیت صنعت مرغبانی کے تمام شعبہ جات سے منسلک تقریبا 10 ہزار کاروباری افراد روزانہ بھرپور شرکت کرینگے، جبکہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 10سے 15ہزار افراد روزانہ اس میں شرکت کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ پولٹری کی سالانہ نمائش جہاں انڈسٹری کی ترقی ، فارمرز کی فلاح بہبود اور ملکی کمپنیوں کیلئے بے پناہ کاروباری فوائد کے حصول کی ضامن ہے وہیں اس کانفرنس میں اس سال 3 انٹریکٹو سیشنز کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے ، ان 3 انٹریکٹو سیشنز میں کالج اور یونیورسٹیوں کے پرنسپل اور وائس چانسلر ، مختلف ٹی وی چینلز سے اینکرز، شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے ممتاز ڈاکٹر حضرات کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے، کنزیومر ایجوکیشن کے فروغ کیلئے ان تمام ڈیلیگیٹس کی شرکت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

علاوہ ازیں تمام رجسٹرڈ ممبران میںسوینئر اور بیگ تقسیم کیے جائیںگے۔ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو کے دیگر بے شمار فائدے ہیں جیسا کہ مختلف سیکٹر ز میں کام کرنے والے ادارے باہمی رابطے میں آتے ہیں، افتتاحی اور اختتامی سیشنز میں اعلیٰ حکومتی شخصیات مدعو ہوتی ہیں جس سے انہیں بھی پولٹری کے مسائل سننے کا موقع ملتا ہے جس کے صنعت کی مجموعی ترقی پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں اس کے علاوہ اس سال پولٹری سائنس کانفرنس منعقد کی جارہی ہے جس میں 3 سیشنز کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں مختلف یونیورسٹیوں کے سکالرز لیکچرز دیں گے جن کا موضوع ترقیاتی دنیا میں ہونے والی ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کو ملکی سطح پر متعارف کرانا ہے، یہ کانفرنس ہائیرایجوکیشن کمیشن حکومت پاکستان کے تعاون سے منعقد ہو رہی ہے، جس میں 6غیر ملکی سکالرز بھی اپنے مقالہ جات پڑھیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان پولٹری انڈسٹری شاید ملک کی واحد صنعت ہے جو ترقی یافتہ بیرونی دنیا سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے، یہاں پر عالمی معیار کی فارمنگ ہو رہی ہے، فیڈ ملیں بین الاقوامی معیار کی فیڈ فراہم کر رہی ہیں، ہماری ہیچریاں بین الاقوامی معیار کا بیماریوں سے پاک چوزہ فارمر کو مہیا کر رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پولٹری انڈسٹری سالانہ بنیاد پر 18,000ملین انڈے اور2,250 ملین کلو گرام مرغی کا گوشت پیدا کر رہی ہے لیکن اس کے باوجود ملک میں فی کس سالانہ کھپت بین الاقوامی معیار سے کافی کم ہے لہٰذا ملک میں بڑھتے ہوئے غذائی قلت کے مسئلے پر قابو پانے کی اس وقت اشد ضرورت ہے جس کیلئے پی پی اے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب آج ( 27 ستمبر) دوپہر 12بجے منعقد ہو گی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے، 28ستمبر شام 7بجے سالانہ عشائیہ کی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں چوہدری محمد سرور گورنر پنجاب بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے، 29ستمبر کی شام یہ میگا ایونٹ اختتا م پذیر ہوگا جس میں صوبائی وزیر لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب سردار حسنین بہادر دریشک بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پولٹری انڈسٹری کو درپیش مسائل اور آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو ممد و معاون ثابت ہوگی اور اس کے ذریعے بے پناہ فوائد حاصل ہوںگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں