پنجاب میں سالانہ بھل صفائی مہم کا آغاز 26 دسمبر سے ہو گا‘صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا

نہروں سے ٹیلوں تک پانی کی بلا رکاوٹ رسائی کے لئے بھل صفائی بے حد اہمیت کی حامل ہے‘محسن خان لغاری

جمعرات 6 دسمبر 2018 17:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئر مین پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینیج اتھارٹی(پیڈا) سردار محسن خان لغاری نے کہا ہے کہ نہروں سے ٹیلوں تک پانی کی بلا رکاوٹ رسائی کے لئے بھل صفائی بے حد اہمیت کی حامل ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ آبپاشی نے بھل صفائی مہم 2018-19 کے آغاز کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور افسران کو پلان کے مطابق عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

محسن خان لغاری نے کہا کہ فیلڈ افسران اور انجینئرز پر مبنی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو مہم کو کامیاب طریقے سے یقینی بنانے کے لئے فیلڈ میں موجود رہیں گی۔تفصیلات کے مطابق بھل صفائی مہم کے پہلے مرحلہ میں سارا سال چلنے والی نہروں اور راجباہوں کیلئے 26 دسمبر 2018 سے شروع ہونے والی یہ مہم 30 جنوری 2019 تک جاری رہے گی اور اس دوران2194 کینال میل پر مشتمل 316دوامی نہروں کی صفائی کی جائے گی جس کا مقصد پانی کی بلارکاوٹ ٹیلوں تک رسائی کے عمل کو بہتر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر آبپاشی محسن خان لغاری نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے پیش نظر پنجاب کی نہروں کو مرحلہ وار بند کیا جائے گا۔منگلا ڈیم سے نکلنے والی نہروں میں بھل صفائی کا عمل 26 دسمبر سے 16 جنوری تک جاری رہے گا جبکہ تربیلا ڈیم سے نکلنے والی نہروں میں 13 جنوری سے 30 جنوری تک بھل صفائی کی جائے گی۔ بھل صفائی مہم کے دوران کام کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے فیلڈ انجینئرز کو ضروری ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

جبکہ کام کے معیار کو جانچنے کیلئے علیحدہ ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ وزیر آبپاشی نے مزید بتایاکہ بھل صفائی کے دوسرے مرحلے میں فروری سے اپریل 2019 کے دوران مجموعی طور پر 1989کینال میل پر مشتمل 304 ششماہی نہروں اور راجباہوں کی بھل صفائی کی جائے گی جن سے تقریباً 607 لاکھ کیوبک فٹ بھل نکالی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بھل صفائی کی اس مہم کے دوران پنجاب بھر کی4184 کینال میل پر مشتمل 620 دوامی و ششماہی نہروں اور راجباوں سے مجموعی طور پر تقریباً 1167 لاکھ کیوبک فٹ بھل نکالی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں