مسور کی فصل نیم گرم آب و ہوا میں بہتر پیداوار دیتی ہے، کاشت کا موزوں وقت اکتوبر کا پورا مہینہ ہے،ترجمان محکمہ زراعت پنجاب

جمعہ 20 ستمبر 2019 17:27

لاہور۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ مسور کی فصل نیم گرم آب و ہوا میں بہتر پیداوار دیتی ہے۔ درمیانی بارشوں والے علاقے بھی مسورکی کاشت کیلئے موزوں ہیں۔مسور کی فصل کم زرخیز اور درمیانی زرخیز زمینوں میں کامیابی سے کاشت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسور کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری کے سلسلہ میںمون سون کے شروع میں ایک مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل ضرور چلائیں۔

اس سے جڑی بوٹیاں تلف ہو جاتی ہیں اور زمین میں دب کر گل سڑ جاتی ہیں جو کے بعد ازاں کھاد کا کام دیتی ہیں۔ جڑی بوٹیوں میں پلنے والے ضرر رساںکیڑوں اور بیماریوں کا خاتمہ بھی ہو جاتا ہے۔بارانی علاقوں میں مسور کی جدید اور ترقی دادہ ا قسام نیاب مسور 2006 ، چکوال مسور، مرکز 2009اور پنجاب مسور 2009کاشت کریں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ بارانی علاقوں میں مسور کی کاشت کا موزوں وقت اکتوبر کا پورا مہینہ ہے۔

مسور کی کاشت بذریعہ ڈرل یا پور قطاروں میں کریں۔ مسور کی فصل پر حملہ آور ہونے والے ضرررساں کیڑوں میں ٹوکا، چور کیڑا، مسور کی سنڈی اور چنے کی سنڈی زیادہ اہم ہیں۔ضرررساں کیڑوںکے حملہ کی صورت میںمحکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کی سفارش کردہ نئی کیمسٹری کی حامل زہروں کا سپرے کریں۔مسور کی فصل کو دوسری فصلوں کے ساتھ ادل بدل کرکے بھی کاشت کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں