غیر ملکی خریداروں کی تجویز پر کارپٹ کی عالمی نمائش کی تاریخ تبدیل ،4 کی بجائے 17اکتوبر سے شروع ہو گی

ایسوسی ایشن کے وفد کی ڈی جی ٹڈیپ سے ملاقات ،بیرون ممالک رابطوں،تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا پاکستانی کارپٹ کی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے کیلئے بھی بھرپور تعاون کیا جائے گا ‘ میاں ریاض احمد

منگل 17 جولائی 2018 13:22

غیر ملکی خریداروں کی تجویز پر کارپٹ کی عالمی نمائش کی تاریخ تبدیل ،4 کی بجائے 17اکتوبر سے شروع ہو گی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) غیر ملکی خریداروں کی تجویز پر پاکستان میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش کے شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی ، تین روزہ نمائش 4سے 6کی بجائے 17سے 19اکتوبر تک لاہور میں منعقد ہو گی ۔پاکستان کارپٹ ایسوسی ایشن کے ممبر ایگزیکٹو و کوارڈی نیٹرریاض احمدنے نمائش کی تاریخ میں تبدیلی کی وجوہات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے کئی ماہ قبل 36ویں عالمی نمائش کے انعقاد کیلئے 4سے 6اکتوبر کی تاریخوں کا اعلان کیا تاہم بھارت نے ہماری نمائش کو سبوتاژ کرنے کیلئے دانستہ طور پر اپنی نمائش کے لئے 21تا 24اکتوبر کی تایخیں دیدیںجس کی وجہ سے غیر ملکی خریداروں اور مندوبین کو شدید مشکلات درپیش تھیں۔

غیر ملکی خریداروں کی تجویز اور انہیں سہولت دینے کیلئے کارپٹ ایسوسی ایشن نے اپنی تاریخ میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے 17سے 19اکتوبر کر دیا ہے اور ہمارے اس اقدام کو غیر ملکی خریداروں کی جانب سے سراہا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ایسوسی ایشن کے چیئرمین لطیف ملک ، وائس چیئرمین قمر ضیاء ،کارپٹ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین سعید خان، ممبر ایگزیکٹو و کوارڈی نیٹر ٹڈیپ ریاض احمد، ، سابق چیئرمین میجر (ر) اختر نذیر پر مشتمل وفد نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل میاں ریاض احمد سے ملاقات کر کے انہیں نمائش کی تاریخ میں تبدیلی ، بیرون ممالک رابطوں اور نمائش کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ۔

میاں ریاض احمد نے وفد کو نمائش کی کامیابی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کارپٹ کی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے کیلئے بھی بھرپور تعاون کیا جائے گا ۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے نمائش کے انعقاد کیلئے فنڈز کے اجراء اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے پر سیکرٹری ٹڈیپ انعام اللہ خان دریجو اور ڈائریکٹر جنرل میاں ریاض احمد سمیت دیگر سے اظہار تشکر کیا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں