نئی حکومت کو دیرینہ مسائل سے آگاہی کیلئے تحریر ی طور پر مطالبات پیش کئے جائینگے‘ آل پاکستان انجمن تاجران

تاجر تنظیموں اور حکومت کے درمیان موثر روابط کیلئے فوکل پرسن کی تعیناتی کی جائے ‘ اشرف بھٹی سے تاجروں کے وفد کی ملاقات

جمعرات 2 اگست 2018 14:11

نئی حکومت کو دیرینہ مسائل سے آگاہی کیلئے تحریر ی طور پر مطالبات پیش کئے جائینگے‘ آل پاکستان انجمن تاجران
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2018ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ نئی آنے والی حکومت کو دیرینہ مسائل سے آگاہی کیلئے تحریر ی طور پر مطالبات پیش کئے جائیں گے ،سب سے زیادہ ٹیکس اور روزگار فراہم کرنے والے تاجر طبقے سے دوہرے ٹیکسز اورمہنگے یوٹیلٹی بلز کی وصولی کی جاتی ہے جس کی وجہ سے کاروبار چلانا مشکل ہو گیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد نے اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے تجویز دی کہ ان کے حل کیلئے انجمن تاجران کے پلیٹ فارم سے عملی جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجروں نے ہمیشہ پر امن رہ کر اپنے مسائل پر آواز بلند کی ہے لیکن بد قسمتی سے ان کی شنوائی نہیں ہوتی ۔

(جاری ہے)

متعلقہ محکمے مسائل حل کرنے کی بجائے ان پر آنکھیں بند کر لیتے ہیں ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ تاجر تنظیموں اور حکومت کے درمیان موثر روابط کیلئے فوکل پرسن کی تعیناتی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی آنے والی حکومت کو تاجروں کے دیرینہ مسائل سے آگاہ کرنے کے لئے تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا اور اس کے بعد اس پر پہرہ بھی دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسز کی شرح میں کمی کی بجائے اور پہلے سے ٹیکس دینے والوں پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں