ماہرین لائیو سٹاک کی عید الاضحی کیلئے قربانی کے جانوروں کی خرید میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت

بدھ 8 اگست 2018 21:07

ماہرین لائیو سٹاک کی عید الاضحی کیلئے قربانی کے جانوروں کی خرید میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت
لاہور۔8 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2018ء) ماہرین لائیو سٹاک نے عید الاضحی پر جانور قربان کرنے والے تمام افراد کو قربانی کے جانوروں کی خرید میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ چونکہ جانوروں اور مویشیوں خصوصاً دیہی و جنگلی ماحول میں پرورش پانے والے بچھڑوں ، کٹڑوں ، چھتروں ، بکروں ، دنبوں ، اونٹوں وغیرہ کے خون اور گوشت کو چھونے اور ان پر پلنے والے چیچڑ وں کے کاٹنے سے کانگو وائرس پھیلنے کا خدشہ موجود رہتا ہے لہٰذا چیچڑوں سے پاک قربانی کے جانور خریدنے کو ترجیح دی جا ئے کیونکہ یہ مرض کسی بھی متاثرہ جانور یا فرد کے خون یا رطوبت سے دیگر افراد تک پھیل سکتا ہے ۔

فیصل آباد کے ماہرین لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے ایک ملاقات کے دوران بتایا کہ اگرچہ حکومت اور محکمہ لائیو سٹاک نے جگہ جگہ سکریننگ کیمپ قائم کر کے وہاں قربانی کے جانوروں کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کر رکھا ہے تاہم پھر بھی عوام کو اس ضمن میں خصوصی توجہ کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ تما م فرزندا ن اسلام قربانی کا جانور خریدنے سے قبل یہ تسلی کر لیں کہ اس جانور کے جسم پر چیچڑ موجود نہ ہوں نیز جانور کو چیک کرتے وقت پلاسٹک کے دستانے استعمال کئے یا ڈیٹ لوشن لگایا جائے ۔

انہوںنے کہا کہ تما م افراد بچوں کو جانوروں سے نہ کھیلنے دیں اور بکر منڈی سے واپس گھر آتے ہی فوراً نہا کر کپڑے تبدیل کر لیں تاکہ کسی قسم کی رطوبت یا جراثیم دیگر اہلخانہ کو متاثر نہ کر سکیں۔انہوںنے کہاکہ اس ضمن میں ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے لہٰذا قربانی کا فریضہ ادا کرنے والے افراد 0800-99-000پر فری کال کر کے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں