پاکستان کی دفاعی مصنوعات عالمی دفاعی منڈی میں جگہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں‘طاہر جاوید

پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز ایک دوسرے کے تجربہ سے استفادہ اور نئے آئیڈیاز متعارف کرائیں‘صدر لاہور چیمبر

جمعہ 17 اگست 2018 20:35

پاکستان کی دفاعی مصنوعات عالمی دفاعی منڈی میں جگہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں‘طاہر جاوید
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے باہمی اشتراک سے منعقد تین روزہ "سپلائرز اینڈ وینڈرز ڈیفنس نمائش "دوسرے روز بھی مقامی و غیرملکی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی جبکہ نمائش کے ساتھ پاکستان کے دفاعی شعبے کی صلاحیتوں کے متعلق سیمینار بھی جاری رہا۔

پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل صدیق علی، وائس ایڈمرل عبدل علیم کی سرپرستی میں پاک نیوی کے وفد، صدر لاہور چیمبر ملک طاہر جاوید اور اعلی سطح کے سرکاری عیدیداران نے نمائش کا دورہ کیا اور مختلف کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔ مختلف پبلک اور پرائیویٹ ڈیفنس مینوفیکچررز نے اڑھائی سو سے زائد سٹالز لگارکھے ہیں جن میں دفاعی شعبے سے متعلق اعلی معیار کی مصنوعات نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

دفاعی شعبہ سے متعلق سیمینار میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل صدیق علی، وائس ایڈمرل عبدل علیم ، لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید اور دیگر ماہرین نے ڈیفنس مینوفیکچرنگ اور سپورٹ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل صدیق علی اور لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں اضافے کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف ہم ملک کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹ سکتے ہیں بلکہ ملکی معیشت کے استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی مصنوعات معیار کے حوالے سے بہترین ہیں اور عالمی دفاعی منڈی میں زیادہ سے زیادہ جگہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، اس کے لیے مارکیٹنگ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز ایک دوسرے کے تجربہ سے استفادہ اور نئے آئیڈیاز متعارف کرائیں۔ انہوں نے دفاعی شعبہ میں نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی پر بھی زور دیا۔ مزید برآں لاہور چیمبر اور ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کی مشترکہ نمائش سیوڈیکس خواص و عوام کے لیے ہفتہ کو تیسرے روز بھی جاری رہے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں