لاہور چیمبر کی جانب سے وزیراعظم کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا خیر مقدم

پیر 8 اکتوبر 2018 19:29

لاہور چیمبر کی جانب سے وزیراعظم کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا خیر مقدم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اکتوبر2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے وزیراعظم کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قدم قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم شروع کرنے کے دور رس نتائج برآمد ہونگے اور ماحولیات کو تحفظ دینے سمیت بہت سے معاشی فائدے بھی ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں زیر جنگلات رقبہ سکڑ رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کو معیشت اور ماحولیات کی مد میں نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف ایک فیصد کے لگ بھگ رقبہ زیر جنگلات اور اس حوالے سے اسکی عالمی درجہ بندی 79ہے جبکہ روس 49فیصد اور 23فیصد زیر جنگلات رقبے کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دسویں درجہ پر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زیر جنگلات رقبہ میں کمی ایک اجتماعی مسئلہ ہے جسے حل کرنے کے لیے معاشرے کے ہر رکن کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان میں سکڑتے ہوئے زیر جنگلات کا مسئلہ حل کرنے کے لیے حکومت اور نجی شعبے سمیت ہر ایک کو اپنا بہترین کردار ادا کرنا ہوگا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ جنگلات نہ صرف حیاتیاتی نظام کو تحفظ دیتے ہیں اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی راہ میں مزاحم ہوتے ہیں بلکہ معاشی حوالے سے بھی بہت اہم ہیں۔

جنگلات تباہ کن سیلابوں کو روک کر یا پھر ان کی شدت میں نمایاں کمی لاکر معیشت کو اربوں ڈالر کا فائدہ پہنچاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات میں کمی پاکستان کا بھی ایک بڑا مسئلہ ہے جس پر قابو پانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کمرشل پیمانے پر جنگلات اٴْگاکر وسیع پیمانے پر معاشی فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں سرمایہ کاری بڑھاکر مختلف صنعتوں ، بالخصوص فرنیچراور کاغذ سازی کی صنعتوں کے لیے سپلائی چین بہتر بنائی جاسکتی ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے توقع کا اظہار کیا کہ وزیراعظم کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم پوری طاقت کے ساتھ چلے گی اور ملک کو ان گنت فائدے دے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں