حکومت کو برآمدات بڑھانے کیلئے پالیسوں پر نظر ثانی کرنا ہو گی‘ایف پی سی سی آئی

ایز آف ڈوئنگ بزنس کی رینگنگ کو بہتر کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے،حکومت کو خام مال پر لگائی گئی آر ڈی کو ختم کرنا چاہئے ڈالر کی قدر میں ہو شربا اضافے سے مہنگائی کا طوفان برپا ہو گا،تمام ایسوسی ایشنز اور چیمبرز کو فیصلوں سے قبل اعتماد میں لیا جائے‘عرفان یوسف

بدھ 10 اکتوبر 2018 16:52

حکومت کو برآمدات بڑھانے کیلئے پالیسوں پر نظر ثانی کرنا ہو گی‘ایف پی سی سی آئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) حکومت کو برآمدات بڑھانے کیلئے پالیسوں پر نظر ثانی کرنا ہو گی،ایز آف ڈوئنگ بزنس کی رینگنگ کو بہتر کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے،حکومت کو خام مال پر لگائی گئی آر ڈی کو ختم کرنا چاہئے،تمام ایسوسی ایشنز اور چیمبرز کو فیصلوں سے قبل اعتماد میں لیا جائے،پی سی ایم اے کا قیام کاسمیٹکس اور بیوٹی کیئر سیکٹر کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا،انڈسٹری پر نئے نئے ٹیکسز نے مقامی مینو فیکچررز کے لئے بہت سی مشکلات حائل کر دی ہیں،جس کے حل کیلئے حکومت فوری اقدامات کریں۔

ڈالر کی قدر میں ہو شربا اضافے سے مہنگائی کا طوفان برپا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہارفیڈریشن آف پاکستان چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی ) کے ریجنل چیئرمین و نائب صدر چوہدری عرفان یوسف نے پاکستان کا سمیٹکس مینو فیکچررز ایسوسی ایشن(پی سی ایم ای) کے نو منتخب ایگزیکٹو کمیٹی ممبران کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے محمد شفیق کو چیئرمین ،سعد الرحمن سینئر وائس چیئرمین اورعابد محمود کووائس چیئرمین پاکستان کا سمیٹکس مینو فیکچررز ایسوسی ایشن منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ جدید وقت اور میڈیا میں ترقی نے لوگوں میں بناؤسنگار کا رحجان بڑھا دیا ہے اور اب لوگ اپنے آپ کو بہتر سے بہترین دیکھنے میں کوشاں ہیں۔کاسمیٹکس انڈسٹری ایک اہم انڈسٹری ہے جس میں بے شمار معاشی ترقی کے مواقع ہیں۔

تاہم افسوس ہے اس سیکٹر سے متعلقہ کوئی مستحکم ڈیٹا موجود نہیں ہے۔اس اہم سیکٹر کو نہ تو اکنامک سروے 2018کا حصہ بنایا گیا ہے اور نہ ہی ادارہ شماریات پاکستان نے اس سے متعلق کوئی معلوماتی ڈیٹا دیا ہے۔پی سی ایم اے اس انڈسٹری کے مسائل کے حل کے لئے ہر فورم ہر آواز بلند کریں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ٹیکسز میں مزیداضافہ نہ کیا جائے، اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدام کیے جائیں۔

صنعتی اور اقتصادی ترقی کے لیے ایس ایم ایز انڈسٹری پر بھر پور زور دیا جائے۔عرفان یوسف نے مزید کہاکہ حکومت کو ڈی ویلیوایشن سے متعلق آنے والی خبروں کے تناظر میں قوم کو اعتماد میں لینا چاہیے تاکہ قوم میں اعتماد کی فضا بحال ہو سکیں۔ڈالر کی قدر میں ہو شربا اضافہ تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو تباہ کر دے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں