بجلی کا بہترین ترسیلی نظام کاروباری آسانیوں کے حوالے سے پاکستان کی عالمی رینکنگ بہتر کرسکتا ہے‘الماس حیدر

بجلی ان انڈیکیٹرز میں سے ہے جو اس حوالے سے رینکنگ کا تعین کرتے ہیں ،جلد اقدامات اٹھائے جائیں‘صدر لاہور چیمبر

پیر 15 اکتوبر 2018 16:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) بجلی کا بہترین ترسیلی نظام کاروباری آسانیوں کے حوالے سے پاکستان کی عالمی رینکنگ بہتر کرسکتا ہے، بجلی ان انڈیکیٹرز میں سے ہے جو اس حوالے سے رینکنگ کا تعین کرتے ہیں لہٰذا اس سلسلے میں جلد اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔

سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سہگل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ اگر لیسکو صرف لاہور میں بجلی کا ترسیلی نظام بہتر کرلے تو کاروباری آسانیوں کے حوالے سے رینکنگ کی بہتری اور جی ڈی پی گروتھ کا ہدف حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور ایک بڑا شہر ہے، یہاں نہ صرف بجلی بلکہ ایئرپورٹس، ریلوے ، روڈ اور دیگر انفراسٹرکچر بہتر کرنا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے لیسکو چیف پر زور دیا کہ وہ اپنا ڈسٹری بیوشن، مینجمنٹ اور ڈویلپمنٹ پلان لاہور چیمبر کے ساتھ شیئر کریں۔ انہوں نے کہا کہ آدھی رات کو بھی، جو سسٹم پر کوئی لوڈنہیں ہوتا، لوڈشیڈنگ ہونا ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے اووربلنگ اور دیر سے ادائیگی پر دس فیصد جرمانے سمیت دیگر مسائل پر روشنی ڈالی اور انکے جلد حل پر زور دیا۔ لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے سلسلے میں کوئی گڑبڑ نہیں ہورہی، پچھلے سال کی نسبت بجلی سپلائی کی صورتحال بہت بہتر ہے، مرمت اور دیگر کاموں کے لیے بجلی بند کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیسکو کا ٹرانسمیشن سسٹم کراچی کی نسبت ڈبل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اووربلنگ کے سلسلے میں 80سے 90فیصد خرابیوں کا خاتمہ کردیا گیا ہے، نئے کنکشن دینے کے سلسلے میں نیپرا فریم ورک کی پابندی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیر سے ادائیگی کی صورت میں دس فیصد جرمانہ کرکے تیس دن کا نوٹس دیا جاتا ہے اور دوماہ لگاتار ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں کنکشن منقطع کردیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں فیڈرز کی بہتری کا کام جاری ہے، حکومت نے اندرون شہر ترسیلی نظام بہتر کرنے کے لیے پانچ سو ملین روپے منظور کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو صارفین کی تعداد پچیس لاکھ سے بڑھ کر چھیالیس لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر نے لیسکو چیف پر زور دیا کہ وہ کوٹ لکھپت انڈسٹیرل اسٹیٹ میں شکایات سنٹر قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ نئے کنکشنز میں تاخیر اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے مسائل بھی فورا حل کیے جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں