چین کے ساتھ وسیع تر اقتصادی تعاون کے نتیجہ میں خطے کے لوگوں کیلئے ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا‘افتخار علی ملک

وزیراعظم عمران خان کی دوررس اقتصادی پالیسی پاکستان کو خودانحصاری کی شاہراہ پر گامزن کر دے گی‘ سینئر نائب سارک چیمبر کی چینی وفد سے ملاقات میں اظہار

پیر 5 نومبر 2018 15:50

چین کے ساتھ وسیع تر اقتصادی تعاون کے نتیجہ میں خطے کے لوگوں کیلئے ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا‘افتخار علی ملک
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2018ء) سارک چیمبر کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے چین کے ساتھ وسیع تر اقتصادی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تعاون کے نتیجہ میں خطے کے لوگوں کیلئے ترقی ، خوشحالی ، اقتصادی نمو اور فلاح وبہبود کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ وانگ وائی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے چینی وفد سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ چین جنوبی ایشیا اقتصادی تعاون عالمی اقتصادی نظام کو اس طرح تبدیل کرے گا کہ اس سے خطے میں خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورہ چین کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس سے پاکستان کو اقتصادی بحرانوں سے نکلنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی دوررس اقتصادی پالیسی پاکستان کو خود انحصاری کی شاہراہ پر گامزن کر دے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم وژن اورہمہ جہت قائدانہ صلاحیتوں سے چین کو سارک میں شامل کرکے اس تنظیم کو متحد کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جو خطے میں امن وخوشحالی کا تعاون ثابت ہوگا۔

جنوبی ایشیا اس وقت مختلف مسائل کا شکار ہے اور بین الاقوامی روابط کو مضبوط کرکے اور اقتصادی تعلقات کو بہتر بنا کر طویل عرصہ سے حل طلب ان مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔ چین زر مبادلہ کے بھاری ذخائر کا مالک ہے اور وہ دنیا کے مختلف حصوں میں انفراسٹرکچر کی ترقی پر بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ سارک کے رکن ممالک کو ایسی ہی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے وسائل کو ترقی دے سکیں۔

انہوں نے کہاکہ 2006ء میں سارک چیمبر کے قیام کے بعد سے سارک کے رکن ممالک کی چین کے ساتھ تجارت میں 15 فیصد سالانہ کی شرح سے اضافہ ہوا ہے۔ خطے کے ممالک کے درمیان باہمی تعاون میں اضافہ اپنے اندر زبردست مواقع رکھتا ہے۔ افتخار علی ملک نے کہاکہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چائنا ساؤتھ ایشیاء بزنس فورم چین کے ساتھ تعاون، علاقائی استحکام اور خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان تمام سیاسی جماعتوں کو ترقی وخوشحالی کے اس ایجنڈے پر متفق کریںگے کیونکہ ملک کو معاشی طاقت بنانے کیلئے استحکام ناگزیر ہے اور یہ اس وقت ممکن ہے جب تمام سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستان کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لئے اکھٹی ہوں۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کو معاشی طاقت بنانے کیلئے درکار وسائل موجود ہیں اس کیلئے ہمیں جذبے اور خلوص کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو استحکام ،خوشحالی اور ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیںگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں