بہترین معاشی سرگرمیاں بڑھانے کے لیے تحقیقی اداروں کا کردار بہت اہم ہے ‘لاہور چیمبر

پیر 12 نومبر 2018 22:39

بہترین معاشی سرگرمیاں بڑھانے کے لیے تحقیقی اداروں کا کردار بہت اہم ہے ‘لاہور چیمبر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) بہترین معاشی سرگرمیاں بڑھانے کے لیے تحقیقی اداروں کا کردار بہت اہم ہے لہذا انہیں ملک کی معاشی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے لیے سرگرمی سے کام کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے پاکستان قونصل برائے سائنٹیفک اور انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر)کے چیئرمین ڈاکٹر شہزاد عالم سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل ، سابق صدر سہیل لاشاری ، سابق سینئر نائب صدر امجد علی جاوا ، سابق نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ڈاکٹر شہزاد عالم نے سائنس، ٹیکنالوجی اور انوویشن پارک کے بارے میں ایک پریزنٹیشن بھی دی۔

(جاری ہے)

الماس حیدر نے کہا کہ 50کی دہائی میں پی سی ایس آئی آر اور دیگر کئی اداروں کا قیام عمل میں آیا تھا جنہوں نے متحرک کردار ادا کیا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ان کی کارکردگی کم ہوتی چلی گئی جس سے ملک کے لیے معاشی چیلنجز پیدا ہوئے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ چیئرمین پی سی سی ایس آئی آر ادارے میں نمایاں مثبت تبدیلی لانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، اس سلسلے میں لاہور چیمبر ان سے بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی سی ایس آئی آر کے پراجیکٹس کمرشلائز ہونے چاہئیں۔ چیئرمین پی سی ایس آئی آر ڈاکٹر شہزاد عالم نے کہا کہ جب انہوں نے ادارے کی باگ ڈور سنبھالی تو حالات بہت خراب تھے جنہیں ٹیم ورک کے ذریعے بہتر کیا گیا۔

ادارے کی آمدن کو سو ملین روپے سے بڑھاکر پانچ سو ملین روپے سے زائد کیا گیا جبکہ دو سو ملین روپے کی مشاورتی سروسز بھی دی جارہی ہیں۔ انہوں نے سائنس، ٹیکنالوجی اور انوویشن پارک کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی جبکہ لاہور چیمبر کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے اظہار تشکر کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں