شاہ عالم مارکیٹ کے تاجروں کو متبادل جگہ دئیے بغیر دکانیں منہدم کرنے کا عمل فوری طور پر روکا جائے : لاہور چیمبر

پیر 10 دسمبر 2018 22:31

شاہ عالم مارکیٹ کے تاجروں کو متبادل جگہ دئیے بغیر دکانیں منہدم کرنے کا عمل فوری طور پر روکا جائے : لاہور چیمبر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2018ء) شاہ عالم مارکیٹ کے تاجروں کے ایک بڑے وفد نے لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر اور سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر سے ملاقات میں مطالبہ کیا ہے کہ شاہ عالم مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن فی الفور روکا جائے کیونکہ اس سے بہت بڑا معاشی المیہ جنم لے رہا ہے، تاجروں کو متبادل جگہ دئیے بغیر دکانیں ہرگز منہدم نہ کی جائیں۔

وفد کی سربراہی کاظم علی قاضی اور مجاہد علی جاوا کررہے تھے جبکہ امجد علی جاو ا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے کہا کہ اگر شاہ عالم مارکیٹ میں زمینی حقائق کو مدنظر رکھے بغیر آپریشن یونہی جاری رکھا گیا تو تاجر دیوالیہ ہوجائیں گے، حکومت لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سربراہی میں فوری طور پر ایک کمیٹی تشکیل دے جو متبادل جگہ پر منتقلی کے لیے سفارشات تیار کرے۔

(جاری ہے)

تاجروں کے وفد نے کہا کہ دکانداروں کو ناکردہ جرم کی سزا دی جارہی ہے، قبضہ مافیا نے متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے کاغذات تیار کرواکر دکانیں فروخت کیں، بجائے ان کا احتساب کرنے کے تاجروں کی دکانیں گراکر انہیں فاقہ کشی پر مجبور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام صورتحال سے نہ صرف شدید خوف و ہراس پھیل رہا ہے بلکہ حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان فاصلے بھی بڑھ رہے ہیں جس کا خمیازہ ملکی معیشت کو بھگتنا پڑے گا۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ شاہ عالم مارکیٹ ایشیاء کی بڑی مارکیٹوں میں سے ایک ہے، اگر زمینی حقائق کا ادراک اور تاجروں کے سرمائے کو تحفظ دئیے بغیر دکانیں گرانے کا عمل جاری رکھا گیا تو اس سے کاروباری ماحول کو شدید نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے تاجروں کو متبادل جگہ کی فراہمی تک شاہ عالم مارکیٹ میں دکانیں منہدم کرنے کا عمل روک دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں