پی ایف سی کے زیر اہتمام انٹیریئرز پاکستان نمائش میں شرکت کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد

تین روزہ نمائش 14 دسمبر سے ایکسپو سنٹر لاہور میں شروع ہو گی غیر ملکی وفود کو مدعو کرنے کامقصد انہیں پاکستان کی ہاتھ سے تیار کردہ فرنیچر مصنوعات سے متعارف کرانا ہے پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد کاشف اشفاق کا اجلاس سے خطاب

بدھ 12 دسمبر 2018 12:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام دسویں تین روزہ انٹیریئرز پاکستان نمائش میں شرکت کے لیے چین، ترکی، تائیوان، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک سے فرنیچر انڈسٹری کے وفود ایک ہفتے کے دورے پر پہنچنا شروع ہو گئے، نمائش کا آغاز 14 دسمبر سے ایکسپو سنٹر لاہور میں ہوگا۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد کاشف اشفاق نے بدھ کو نمائش کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں بتایا کہ تمام غیر ملکی وفود کے دورے کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور تمام اخراجات کونسل برداشتکررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی وفود کو مدعو کرنے کا بنیادی مقصد انہیں پاکستان کے ہاتھ سے تیار بہترین، معیاری اور ٹھوس لکڑی کی فرنیچر مصنوعات سے متعارف کرانا ہے،معلومات کی فوری فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے لیے ایک خصوصی ڈیسک قائم کیا گیا ہے جبکہ غیر ملکی وفود اور مہمانوں کی سہولت کے لیے ریحان ناصر فرنٹ ڈیسک پر تعینات ہو ںگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ایف سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے انتظامات کا جائزہ لے کر ان پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی کو مقامی اور بین الاقوامی برانڈز کی جانب سے زبر دست رسپانس ملا ہے اور انٹیریئرز پاکستان نمائش سے اقتصادی سرگرمیوں خاص طور پر فرنیچر سیکٹر کو بہت فروغ ملے گا جسے گذشتہ ادوار میں نظر انداز کیا گیا تھا۔

میاں محمد کاشف اشفاق نے کہا کہ پی ایف سی ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو ملک میں مقامی فرنیچر کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کررہی ہے ،اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فرنیچر سیکٹر کے تحفظ کے لیے مناسب پالیسی کی ضرورت ہے تاکہ ہم صحیح طریقے سے آگے بڑھ سکیں، ہم ماہر لیبر کی عدم دستیابی اور قیمتوں کی وجہ سے فی الحال چینی مارکیٹ میں مقابلہ نہیں کرسکتے۔

یہ امر خوش آئند ہے کہ وزیراعظم عمران خان قومی معیشت کی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں، ان کے ساتھ اپنے حالیہ اجلاس کے دوران ہم نے مقامی فرنیچر انڈسٹری کے خدشات سے انہیں آگاہ کیا اور انہوں نے دہانی کرائی کہ حکومت انڈسٹری کو تمام تر معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت فرنیچر پروڈیوسرز کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کرے تو اس صنعت میں عالمی مارکیٹ میں جگہ بنانے کے بڑی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے اور ہمارے ہنرمند بہترین مہارت سے لیس ہیں جو جدید خطوط پر ملکی ترقی میں اہم کردار اداکرسکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں