گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کل ایکسپو سنٹر میں ’’انٹیریئرز پاکستان‘‘ بین الاقوامی نمائش کا افتتاح کریں گے

100 سے زائد فرنیچر کمپنیاں اور انٹیریئر ڈیزائنرز نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کریں گے، 2 سے اڑھائی لاکھ افراد اس نمائش کو دیکھنے کیلئے آئیں گے، خریداری پر 30 فیصد تک خصوصی ڈسکائونٹ بھی دیا جائے گا‘ چیف ایگزیکٹو پی ایف سی میاں کاشف اشفاق

جمعرات 13 دسمبر 2018 13:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کل (جمعہ ) ایکسپو سنٹر لاہور میں پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام 3 روزہ میگا ’’انٹیریئرز پاکستان‘‘ بین الاقوامی نمائش کا افتتاح کریں گے۔ جمعرات کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ پی ایف سی کے زیر اہتمام لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں گذشتہ برسوں میں 9 میگا ’’انٹیریئرز پاکستان‘‘ نمائشیں منعقد ہو چکی ہیں جن میں عوام کی بڑی تعداد نے نہ صرف شرکت بلکہ بھاری مقدار میں خریداری بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ میگا ایونٹ پاکستان میں بڑی فرنیچر کمپنیوں اور انٹیریئر ڈیزائنرز کے لئے اپنی مصنوعات کی نمائش کا نادر موقع ہے۔

(جاری ہے)

توقع ہے کہ صف اول کی 100 سے زائد مقامی فرنیچر کمپنیاں اور انٹیریئر ڈیزائنرز اس نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کریں گے اور 2 سے اڑھائی لاکھ افراد اس نمائش کو دیکھنے کیلئے آئیں گے جبکہ مختلف اشیاء کی خریداری پر30 فیصد تک خصوصی ڈسکائونٹ بھی دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ میگا ایونٹ نوجوان ڈیزائنرز اور آرکیٹیکٹس کو جدید مارکیٹنگ رجحانات کا مشاہدہ کرنے اور مستند پروفیشنلز کے ساتھ اپنے کام کی نمائش کا موقع بھی فراہم کرے گا۔ پی ایف سی عالمی منڈیوں میں پاکستان کی موجودگی کو یقینی بنانے اور فروغ دینے کے لئے فوکل پوائنٹ کے طور پرکام کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے اور سابقہ تجربہ کے پیش نظر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ فرنیچر ڈیزائنرز اور مینوفیکچرز کیلئے بین الاقوامی مارکیٹ میں داخلے کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے اور اعلیٰ معیار، مناسب قیمت اور بہترین ورائٹی کی وجہ سے بین الاقوامی خریدار اس پر اعتماد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فرنیچر کے مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان کو بیرون ملک نمائشیں منظم کرنے میں تعاون اور سہولیات فراہم کرے اس سے بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے میں مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں مہمانوں کیلئے ریفریشمنٹ اور مناسب سکیورٹی کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ میاں کاشف اشفاق اشفاق نے کہا کہ پاکستان کی لکڑی کی صنعت ملک کی مجموعی فرنیچر مارکیٹ کے 95 فی صد کا احاطہ کرتی ہے۔

ملک میں لکڑی کے فرنیچر کے 700 سے زیادہ یونٹس ہیں جن میں سے صرف چنیوٹ فرنیچر کی ملکی ضروریات کا 80 فیصد پورا کرتا ہے جبکہ گجرات، پشاور، لاہور اور کراچی فرنیچر کے اہم مراکز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2015-16 میں پاکستان نے 1.69 ارب روپے کا فرنیچر درآمد کیا جبکہ فرنیچر کی درآمد مقامی فرنیچر کی صنعت کیلئے بڑا خطرہ اور بے روزگاری کا باعث بن سکتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں