تبدیلی سرکار نے سندھ سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں گیس کی لو ڈ شیڈنگ شروع کر کے عوام کو شدیدمشکلات کا شکار کردیا ہے ،محمد اشرف بھٹی

جمعہ 14 دسمبر 2018 20:51

تبدیلی سرکار نے سندھ سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں گیس کی لو ڈ شیڈنگ شروع کر کے عوام کو شدیدمشکلات کا شکار کردیا ہے ،محمد اشرف بھٹی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے صوبہ سندھ سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں گیس کی لو ڈ شیڈنگ شروع کر کے عوام کو شدیدمشکلات کا شکار کردیا ہے ،گھریلو صارفین ،صنعتوں، پاور پروجیکٹس، سی این جی اسٹیشن کو گیس فراہم نہیں کی جارہی ہے جس سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

گزشتہ روزمیڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گیس کی غیرمعینہ مدت کیلئے بندش اور ٹرانسپورٹ بند ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ، عوام ٹرانسپورٹ کی بندش سے روزگار سمیت شدید تکلیف میں ہیں ،کراچی منی پاکستان اور معاشی حب ہے جو67 فیصد ریونیو دیتا ہے،گیس بندش کی وجہ سے تاجر اور صنعت کار طبقہ شدید متاثرہوا ہے جو کہ ملکی صنعتوں کیلئے نقصان دہ ہے جس کے باعث صنعتوں کو چلانا مشکل ہوجائے گا اور مشکلات میں گھری صنعتوں کو مالکان بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی کی غیر معینہ بندش کے اعلان کے بعد سی این جی اسٹیشن بند ہونے سے شہرکی سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے ، ٹرانسپورٹ غائب ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔طلبہ و طالبات کو تعلیمی اداروں میں پہنچنے میں دشواری کا سامناہے جبکہ گیس سے چلنے والی سیکڑوں صنعتوں کا پہیہ بھی رک گیا ہے ،ہزاروں مزدور بے روزگار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اداروں کی نااہلی و ناقص کارکردگی کے باعث ہزاروں شہری شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہیں ،تحرکے انصاف کی حکومت کو چاہیے کہ اداروں کے نا اہل ذمہ داران کے خلاف فی الفور کارروائی کرے اور جلد از جلد گیس کی فراہمی کو ممکن بنائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں