لاہور چیمبر کی جانب سے مالیاتی ترمیمی بل2019 کا خیر مقدم

ٹیکس ریٹ کم کرنے سے ایس ایم ای سیکٹر کو فائدہ ہوگا،ودہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے سے تاجر سکھ کا سانس لیں گے،شادی گھروں پر ٹیکس میں کمی اور نیوز پرنٹ پر ڈیوٹی کا خاتمہ مثبت اقدامات ہیں، الماس حیدر کی پریس کانفرنس

بدھ 23 جنوری 2019 22:41

لاہور چیمبر کی جانب سے مالیاتی ترمیمی بل2019 کا خیر مقدم
لاہور۔23 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر الماس حیدر نے مالیاتی ترمیمی بل 2019ء کو خوش آئند قرار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور چیمبر کی بہت سی تجاویز حکومت نے تسلیم کرلی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ درآمدی خام مال پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی اور خاتمہ پیداواری لاگت میں کمی لائے گا، اس سے سمگلنگ کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بینکوں کا ٹیکس ریٹ کم کرنے سے ایس ایم ای سیکٹر کو فائدہ ہوگا اور ان میں بینکوں کی سرمایہ کاری بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ فائلر اور نان فائلر کے درمیان فرق سے کار انڈسٹری کا حجم تیس فیصد تک کم ہوا، حکومت نے نان فائلر کو گاڑی خریدنے کی اجازت دیکر اچھا قدم اٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شادی گھروں پر ٹیکس میں کمی اور نیوز پرنٹ پر ڈیوٹی کا خاتمہ مثبت اقدامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میں نئی انڈسٹری کو ٹیکسوں سے چھوٹ دینا خوش آئند ہے مگر یہی چھوٹ صنعتی وسعت سازی پر بھی دی جا نی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار کے لیے آلات کی مینوفیکچرنگ کو ٹیکس چھوٹ دینے سے روایتی ذرائع پر انحصار کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج میں اصلاحات سے انویسٹر کو فائدہ ہوگا، موبائل فون پر ڈیوٹی نہ بڑھانا اچھا اقدم ہے جبکہ ودہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے سے تاجر سکھ کا سانس لیں گے جو تاجروں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری برادری مارک اپ ریٹ میں کمی کی توقع کررہی تھی اس کا بھی ذکر کیاجانا چاہئے تھا۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، شاہد حسن شیخ، محمد علی میاں، میاں مظفر علی، فاروق افتخار، میاں نعمان کبیر، امجد علی جاوا، عرفان اقبال شیخ ، ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں