منی بجٹ میں فائلرز پر ودہولڈنگ ٹیکس کا خاتمہ سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا‘میاں خرم الیاس

کچھ صنعتی مال پردرآمدی ڈیوٹی میں کمی اور کچھ پر ختم کرنے کا فیصلہ خوش آئند،فیصلہ سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی ہوگی

جمعرات 24 جنوری 2019 14:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2019ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے کہا ہے کہ منی بجٹ معاشی اصلاحات کا پیکیج ہے منی بجٹ میں تاجر و صنعتکاروں برادری کا دیرینہ مسئلہ فائلرز پر ودہولڈنگ ٹیکس کا خاتمہ درست سمت قدم ہے اس سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے صنعتوں میں استعمال ہونے والے بعض درآمدی خام مال پر ڈیوٹی کو ختم کرنے اور بعض پر ڈیوٹی کم کرنے کے فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فیصلہ سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی ہوگی اور اشیاء کی قیمتوں میں کمی سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

میاں خرم الیاس نے کہا کہ منی بجٹ کاروبار دوست بجٹ ہے اس سے صنعتی شعبہ کا اعتماد بحال ہوگا اور سرمایہ کاری بڑھے گی انہوںنے کہا کہ منی بجٹ میں ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیلئے جو اقدامات کیے گئے ہیں اس سے حکومت کو خاطر خواہ ریونیو حاصل ہوگا جس سے حکومت کو قرضوںسے نجات ملے گی ۔حکومت کا سستے گھروں کی تعمیر کیلئے قرض حسنہ سکیم کا اجراء اچھا فیصلہ ہے اس سے سفید پوش افراد کو گھروں کی تعمیر کیلئے ریلیف ملے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں