معاشی اصلاحات سے آٹو انڈسٹری، متبادل ذرائع سے توانائی کے شعبے تیزی سے ترقی کریں گے‘ الماس حیدر

نان فائلرز پر گاڑیاں خریدنے پر پابندی کی وجہ سے گاڑیوں کی فروخت میں 30فیصد تک کمی واقع ہوئی ،پابندی ختم ہونے سے صورتحال بہتر ہوگی ‘صدر لاہور چیمبر

جمعرات 24 جنوری 2019 17:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2019ء) لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت نے اصلاحات کا بہترین پیکیج دیا ہے جس سے آٹو انڈسٹری، توانائی کے متبادل ذرائع سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری تیزی سے بڑھے گی۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ حکومت نے نان فائلرز کیلئے 1300سی سی تک کی نئی گاڑیاں خریدنے کی اجازت اورتوانائی کے متبادل ذرائع کے لیے آلات کی مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کو پانچ سال کے لیے لئے ٹیکسوں اور ڈیوٹیوںسے مستثنی قراردیکر بہترین اقدمات اٹھائے ہیں، ان سے مقامی و غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اورحکومت کے محاصل بھی بڑھیں گے۔

الماس حیدر نے کہا کہ آٹو انڈسٹری کا ملک کے جی ڈی پی میں حصہ چار فیصد کے لگ بھگ جبکہ بالواسطہ اور بلاواسطہ ساڑھے تین ملین کے قریب افراد کا روزگار اس سے وابستہ ہے، نان فائلرز پر گاڑیاں خریدنے پر پابندی کی وجہ سے گاڑیوں کی فروخت میں 30فیصد تک کمی واقع ہوئی مگر یہ پابندی ختم ہونے سے صورتحال بہتر ہوگی اور آٹو انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

حال ہی میں سپیل پاکستان نے انڈسٹریل روبوٹک سسٹم نصب کرکے یہ ثابت کیا کہ پاکستان کا آٹوسیکٹر ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ آنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ فرق فائلرز اور نان فائلرز کے درمیان نہیں بلکہ ٹیکس دہندگان اور نا دہندگان کے درمیان رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے آلات کی مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کو پانچ سال کیلئے ٹیکسز اور ڈیوٹی سے مستثنی قرار دینے سے ملک کے انرجی سیکٹر میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ پاکستان توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے زیادہ تر فوسل فیولزسے تیار کردہ بجلی پر انحصار کرتا ہے ،جو انرجی بحران کی ایک بڑی وجہ ہے۔ متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کو فروع ملنے سے کثیر فائدے ملیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں