موجودہ جی ڈی پی گروتھ جاری رہی تو پاکستان ایک سال میں آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کرلے گا‘میاں کاشف اشفاق

وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت معیشت کے استحکام، بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنے، برآمدی حجم میں اضافہ اور مقامی صنعتوں کو مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے‘چیف ایگزیکٹو پی ایف سی

ہفتہ 23 فروری 2019 14:23

موجودہ جی ڈی پی گروتھ جاری رہی تو پاکستان ایک سال میں آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کرلے گا‘میاں کاشف اشفاق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت معیشت کے استحکام کیلئے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدی حجم میں اضافہ کیلئے مقامی صنعتوں کو مستحکم کرنے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

ہفتہ کو یہاں پی ایف سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ کاروباری برادری اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈا سے مطمئن ہے اور امید ہے کہ اگر موجودہ جی ڈی پی گروتھ جاری رہی تو پاکستان ایک سال کے اندر اندر آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کرلے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے متعدد کاروباری اداروں نے اپنے مخصوص شعبہ ہائے تجارت میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن پاکستان مخالف منفی پروپیگنڈے اور اندرونی مسائل نے معیشت پر انتہائی برے اثرات مرتب کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کا خاتمہ کردیاہے اور اب محض اکا دکا واقعات ہو رہے ہیں جو امریکہ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں بھی رپورٹ ہوسکتے ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے قومی معیشت کی بحالی کے لئے سنجیدہ اقدامات پر وزیر خزانہ اسد عمر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں اور امید ہے کہ حکومت جلد معاشرے کے غریب طبقات کے لئے مراعات کا اعلان کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر عبدالرازق داؤد نے فرنیچر انڈسٹریکی بہتری کیلئے پی ایف سی کی طرف سے پیش کردہ تمام اہم تجاویز منظور کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ فرنیچر سیکٹر کو آئندہ وفاقی بجٹ میں خصوصی پیکیج دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر برآمد کے حجم میں اضافہ کے لئے بہت مواقع موجود ہیں کیونکہ امریکہ اور یورپی مارکیٹوں میں گھریلو صارفین کے علاوہ فرنیچر اور لکڑی کی مصنوعات کی مانگ بڑھ رہی ہے۔

مینوفیکچررز کی سطح پر صرف امریکہ میں فرنیچر کی طلب 2021 میں 59 بلین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ یہ ایک نادر موقع ہے اور عالمی منڈی کی طلب کو پورا کرنے کیلئے اس شعبے میں تربیت یافتہ اور ماہر کارکنوں کی ضرورت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

پی ایف سی اور سعودی سرمایہ کار خاص طور پر فرنیچر سیکٹر اس موقع کا بہترین استعمال کرتے ہوئے جوائنٹ وینچرز شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس شعبے کو درپیش مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کیلئے اس کے ساتھ قریبی روابط رکھے تو برآمدی حجم میں قابل قدر اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ فرنیچر سیکٹر میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے دیہی اور شہری علاقوں میں خصوصی پروگرام بھی شروع کیا جا سکتا ہے تاکہ کارکنوں کی مہارتوں کو فروغ دے کر مقامی اور عالمی مارکیٹوں میں جدید فرنیچر کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں