کاروگیٹڈ کارٹن ایسوسی ایشن لاہور زون کے وفد سے ملاقات

حکومت پیپر اینڈ پیکجنگ انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ‘لاہور چیمبر

بدھ 20 مارچ 2019 16:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پیپر اینڈ پیکجنگ انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے کیونکہ بجلی، گیس اور اب کاغذ کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اس اہم شعبے کو سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کاروگیٹڈ کارٹن ایسوسی ایشن لاہور زون کے وفد سے ملاقات میں کیا۔

وفد کی سربراہی عدنان خالد بٹ کررہے تھے جبکہ ارشد بیگ، شاہد بیگ، خامس سعید بٹ، نعیم حنیف اور پیپر اینڈ پیکیجنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد اجلاس میں شریک تھی۔ وفد نے لاہور چیمبر کے عہدیداروں کو آگاہ کیا کہ یوٹیلٹی پرائسز ، کاغذ اور دیگر خام مال کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پیپر اینڈ پیکیجنگ انڈسٹری مشکلات سے دوچار ہے، اس کے پیداواری اخراجات اس قدر بڑھ گئے ہیں کہ اگر فوری طور پر اقدامات نہ اٹھائے گئے تو بہت سی فیکٹریاں بند ہوجائیں گی جس سے بڑے پیمانے پر بے روزگاری پیدا ہوگی۔

(جاری ہے)

وفد نے کہا کہ کاغذ کی قیمتوں میں پندرہ فیصد کے لگ بھگ اضافہ واپس ہونا چاہیے ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت انڈسٹری کو بجلی، گیس و پٹرول رعایتی نرخوں پر فراہم کرے تاکہ انڈسٹری کی پیداواری لاگت میں کمی آئے۔ انہوں نے توقع کی کہ حکومت پیپر اینڈ پیکیجنگ انڈسٹری کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر تاجروں کا حقیقی پلیٹ فارم ہے اور اس کے مسائل حل کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں