صوبائی وزیر صنعت نے ایکسپو سنٹر میں 15ویں ایڈیشن آف انٹرنیشنل پلاسٹک پرنٹنگ پریس اینڈ پیکنگ کی نمائش کا افتتاح کر دیا

صنعتوں کے فروغ اوربرآمدات بڑھانے کیلئے اپنائی گئی حکمت عملی بار آور ثابت ہورہی ہے‘صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال

ہفتہ 23 مارچ 2019 13:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میا ں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ ایکسپو سنٹر جوہرٹائون میں 15ویں ایڈیشن آف انٹرنیشنل پلاسٹک پرنٹنگ پریس اینڈ پیکنگ کی نمائش کا افتتاح کیا۔صوبائی وزیرنے نمائش میں لگائے گئے سٹالوں کا معائنہ کیا۔نمائش میں600سٹال لگائے گئے ہیں اوریہ نمائش تین دن تک جاری رہے گی۔

جاپان،سوئٹرزلینڈ،جرمنی،اٹلی،چین،ترکی،تائیوان،کوریا اورملائیشیا سمیت25ممالک سے تجارتی کمپنیاں نمائش میں شریک ہیں۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے نمائش کے افتتاح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک اینڈ پیکجزکی نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے۔ایسی نمائشیں صنعت اور پاکستانی مصنوعات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

میں نمائش کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صنعتوں کے فروغ اوربرآمدات بڑھانے کے لئے موثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس کے نتیجے میں ملکی وغیرملکی سرمایہ کارپنجاب میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ عملی اقدامات کئے گئے ہیں اور صنعت کاروں کی سہولت کے لئے پنجاب سمارٹ ریگولیشنز ایکٹ لایا جارہا ہے اور اس مقصد کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ کے لئے بھی تین بڑی سکیمیں منظور ہو چکی ہیں۔صوبے کے تمام اضلاع میں کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کاپروگرام بھی بنا لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم صنعتوں کے فروغ،درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے کے لئے اٹھ رہا ہے اور حکومت کے یہ اقدامات صوبے کی پائیدار معاشی ترقی کا باعث بنیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں نئی ٹیکنالوجی آرہی ہے۔پلاسٹک سیکٹر میں جدت پیدا کرنے کے لئے کاوشیں باعث تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی 65فیصد صنعت پنجاب میں ہے اور صنعت کو فروغ دینے کے لئے بھرپور کاوشیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 7نئے سپیشل اکنامک زون ڈکلیئر کر دئیے گئے ہیں اور پلاسٹک انڈسٹری سے وابستہ صنعت کاروں کودعوت دیتے ہیں کہ وہ یہاں سرمایہ کاری کریں۔انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈیشن کے بغیر دنیا کی مارکیٹ کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔اس لئے ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کے لئے صنعت کو خصوصی مراعات دے رہے ہیں کیونکہ برآمدات بڑھیں گی تو محصولات ملیں گے جس سے ملک کے قرضے اتریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں