چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے سے قبل تاجرتنظیموںسے مشاورتی عمل مکمل کیا جائے‘راجہ عدیل

ٹیکس نظام میں اصلاحات سے تاجروں پر بوجھ کم ہوگا فوری اقدامات کیے جائیں ‘سینئر نائب صدر لوہا مارکیٹ شہید گنج

پیر 25 مارچ 2019 13:39

چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے سے قبل تاجرتنظیموںسے مشاورتی عمل مکمل کیا جائے‘راجہ عدیل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) انجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدرراجہ عدیل نے کہا ہے کہ ملک بھر کے خوردہ فروشوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیے لئے ان پر فکسڈ ٹیکس عائد کرنے سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کے ساتھ ساتھ حکومتی ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے سے حکومت کو بیرونی قرضوں سے بھی نجات ملے گی ،چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور ان پر فکسڈ ٹیکس عائد کرنے سے قبل تاجروں کی تنظیموں سے مشاورتی عمل مکمل کیا جائے تاکہ ان کی تجاویز کو بھی شامل کیا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے شہید گنج کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجہ عدیل اشفاق نے کہا کہ ریٹیل بزنس پر ٹیکس عائد کرنے کے حکومتی فیصلے سے ٹیکس کے نظام کو متوازن بنانے میں بھی مدد ملے گی کیونکہ اس وقت ٹیکس کا 72فیصد بوجھ صنعتی شعبہ اٹھارہا ہے جو صنعتی پھیلائو اور بے روزگاری کے خاتمہ میں رکاوٹ بنا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ٹیکس نظام میں تبدیلی سے ہی ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوگا ،جب تک اس میں اصلاحات کرکے اس میں بہتری نہیں لائی جاتی اس وقت تک ملک میں یہ نظام ترقی نہیں کرے گا۔

ایف بی آر کے نظام میں بہتری کیلئے وزیراعظم عمران خان نے بھی نوٹس لیا ہے اور کہا ہے کہ ایف بی آر کے نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے جو کہ صنعتی و تاجر برادری کیلئے خوش آئند ہے۔وزیراعظم کے بیان سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ مستقبل قریب میں ایسے اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے جس سے ملک میں ٹیکس اصلاحات میں بہتری آئے گی اور تاجر برادری کو اس سے فائدہ ہوگا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں