پاکستان اور چین کے قریبی تعاون سے خطہ میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا،

تاجر برادری چین کے بڑی مارکیٹ اور دوست ہمسایہ ملک ہونے کا فائدہ اٹھائے پاک یو ایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین افتخار علی ملک کا چین کے نائب صدر وانگ چی شان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم

پیر 27 مئی 2019 15:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2019ء) پاک یو ایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین اور معروف تاجر رہنما افتخار علی ملک نے چین کے نائب صدر وانگ چی شان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں دوست ہمسایہ ممالک کے قریبی تعاون سے خطہ میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری پاک چین تجارتی تعلقات میں اضافہ، برآمدات کو بڑھانے اور تجارتی خسارے کو کم کرنے کیلئے پرعزم ہے، پاک چین دوستی عالمی سفارتی دنیا کی بہترین مثال ہے، زندگی کے ہر شعبہ میں دونوں ممالک کے درمیان یہ سدا بہار دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط تر ہو رہی ہے، دونوں ممالک نے اپنے سفارتی تعلقات کو نہایت کامیابی سے افتصادی شراکت میں تبدیل کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستانی برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ چین کو اپنی برآمدات میں اضافہ کیلئے سخت محنت کریں اس سے پاکستان کے تجارتی خسارے کو کم کرنے میں مدد ملے گی، دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاک چین تجارت کا توازن بھی چین کے حق میں ہے اور پاکستانی برآمد کنندگان اس توازن کو اپنے حق میں کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد کر سکتے ہیں کیونکہ یہ لوگ بھرپور صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری تجارتی خسارے کو کم کرنے کی اہمیت سے پوری طرح آگاہ ہے، پاکستان کی سرزمین وسائل سے مالا مال ہے۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ چین اور دیگر ممالک کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ چین آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک ہونے کے ناطے ایک بڑی مارکیٹ ہے، چین ہمارا پڑوسی ملک ہے اور ہمارے چین کے ساتھ تعلقات دوستانہ اور برادرانہ ہیں، پاکستانی تاجروں اور برآمد کنندگان کو ان تمام حقائق سے فائدہ اٹھانا چاہئے، سی پیک نے چین کے ساتھ تجارت اور ثقافت سمیت کئی شعبوں میں نئے مواقع پیدا کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے سب سے زیادہ مستفید ہونے والا ملک ہو گا کیونکہ اس منصوبہ کے تحت 20 فیصد سرمایہ کاری پاکستان میں کی جا رہی ہے، اس سرمایہ کاری کے نتیجہ میں پاکستان میں لوگوں کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی تیزی سے ترقی کرتی معیشت اور پاکستان میں ارزاں خام مال اور کم معاوضے پر دستیاب افرادی قوت مل کر بہترین صورتحال تشکیل دیتے ہیں۔ انہوں نے پاک چین تجارت میں اضافہ کے حوالہ سے وزیراعظم عمران خان کے وژن کو سراہا اور کہا کہ وہ چین کو سارک میں شامل کرنے کی کوشش کر کے خطہ کی ترقی و خوشحالی کا نیا باب وا کر سکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں