چینی نائب صدر کا دورہ جنوبی ایشیاء میں پاکستان کی معاشی و سیاسی حیثیت کو مضبوط بنانے کا موجب بنے گا، صدر پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری

پیر 27 مئی 2019 15:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2019ء) پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے صدر شاہ فیصل آفریدی نے چینی نائب صدر وانگ کشان کے حالیہ دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ جنوبی ایشیاء میں پاکستان کی معاشی اور سیاسی حیثیت کو مضبوط بنانے کا موجب بنے گا۔ پیر کے روز یہاں ایک بیان میں چین کے نائب صدر کے دورہ پاکستان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان گرم سرد موسموں کے دوست ہیں اور ہمیشہ سے ایک دوسرے کی خارجہ مفادات کا تحفظ کرتے چلے آرہے ہیں اور اب سی پیک ، روڈبیلٹ اور مشترکہ سرمایہ کاری کے صنعتی و تجارتی منصوبوں کی کثرت نے دونوں دوست ممالک کی دوستی کو لوہے کی طرح طاقتور اور اٹوٹ بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی نائب صدر کے دورہ کے نتیجے میں پاکستان اور چین کے درمیان علم و ہنر کے اعلیٰ سطحی تبادلوں، دوستی اور باہمی اعتماد کے فروغ کی نئی راہیں کھلیں گی اور سی پیک کا میگا منصوبہ خوش اسلوبی سے دوسرے مرحلے میں داخل ہوسکے گا۔

(جاری ہے)

شاہ فیصل آفریدی نے کہا کہ درحقیقت چینی نائب صدر کا حالیہ دورہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کی کامیابی کا مظہر ہے جس میں دونوں ممالک نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کو شروع کرنے کے عہد کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان سماجی واقتصادی ترقی، غربت کے خاتمے اور زرعی و صنعتی تعاو ن کو فروغ دینے کا بھی عہد کیا تھا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ چینی نائب صدر کے موجودہ دورہ کے دوران ہونے والے معاہدوں سے پاکستان اور چین کے مشترکہ اقتصادی مستقبل کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا جس سے پاکستان کی صنعتی و تجارتی ترقی کا ایک نیا باب رقم ہوگا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کی کاروباری برادری نئے معاہدوں کی صورت میں جنم لینے والے کاروباری مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے میں حکومت کے شانہ بشانہ چلے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں