پاکستان میں 3ارب ڈالر کی قطری سرمایہ کاری کا اعلان خوش آئند ہے ،شیخ آصف

امیر قطر کا دورہ حکومتی کامیاب پالیسیوں کا عکاس، سرمایہ کاری سے معاشی خسارہ میں کمی ہوگی، خادم حسین

منگل 25 جون 2019 16:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس شیخ محمد آصف نے ملکی معیشت کو سہار ا دینے کیلئے قطر کی طرف سے پاکستان میں 3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امیر قطر کا کامیاب دورہ پاکستان کامیاب حکومتی پالیسیوں کا عکاس ہے۔پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن و سینئر نائب صدر خادم حسین نے کہاکہ امیر قطر کے دورہ میں تجارتی معاہدوں سے قطر کی پاکستان میںسرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور معاشی خسارہ میں کمی ہوگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امیر قطر کے دورے سے دونوں ملکوں کے بردرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوںگے اور ملک میں قطر کی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ خادم حسین نے کہا کہ قطر کی طرف سے نئی سرمایہ کاری کے بعد پاکستان میں اقتصادی شراکت داری9 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ امیر قطر کے دورہ پر 3ارب ڈالر کی رقم ڈیپازٹ اور براہ راست سرمایہ کاری سے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے اور روپے کی قدر مستحکم ہوگی۔ حکومت کو بیرونی اداروں سے مزید قرض سے نجا ت مل جائیگی اور ملک معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں