لاہور چیمبر نے سری لنکن ہائی کمیشن کے تعاون سے کیٹلاگ شو کا انعقاد

مقصد باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینا اور تجارت و سرمایہ کاری کے چھپے ہوئے مواقع کو نمایاں کرنا تھا

پیر 15 جولائی 2019 23:01

لاہور چیمبر نے سری لنکن ہائی کمیشن کے تعاون سے کیٹلاگ شو کا انعقاد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2019ء) لاہور چیمبر نے سری لنکن ہائی کمیشن کے تعاون سے کیٹلاگ شو منعقد کیا جس کا مقصد باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینا اور تجارت و سرمایہ کاری کے چھپے ہوئے مواقع کو نمایاں کرنا تھا۔ سری لنکا کے ہائی کمشنر نور الدین محمد شاہد، لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ شہزاد ناصر، سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل جی ایل گنانتھیوا، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ریاض احمد، امجد علی جاوا، میاں زاہد جاوید، عاقب آصف اور رحمت اللہ جاوید نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے سری لنکا کی بے پناہ مدد کی ہے جس کے لیے سری لنکن قوم پاکستانی کی مشکور ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان نے آزادانہ تجارت کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، اس پر نظر ثانی کرکے وہ رکاوٹیں دور کی جائیں جو باہمی تجارت کے فروغ کی راہ میں آڑے ہیں۔

سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل جی ایل گنانتھیوانے دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے متعلق تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ریاض احمد نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا سارک کے ممبراور بہترین تعلقات کے حامل ہیں، کیٹلاگ شو مزید تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا گیا جس کے بہترین نتائج برآمد ہونگے۔

لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ شہزاد ناصر نے کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان مضبوط روابط ہی باہمی تجارت کو تیزی سے فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارت کا موجودہ حجم دوستانہ تعلقات کی عکاسی نہیں کرتالہذا تجارت کے لیے ہر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تاریخی تجارتی، معاشی اور ثقافتی تعلقات ہیں، اس کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تجارت تسلی بخش نہیں ہے، دونوں ممالک کو اس جانب خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان تعمیرات، شوگر، سیمنٹ، پیپر اینڈ پیپر بورڈ، الیکٹرانکس، سافٹ ویئرڈویلپمنٹ، فوڈ پراسیسنگ اور ڈیری پروڈکٹس کے شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کی وسیع گنجائش ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں