فکسڈ ٹیکس کے معاملے پر تاجروں کی کمیٹی ایسی تجاویز دے گی جو قابل قبول ہوں ‘اشرف بھٹی

خیبر سے کراچی تک لاکھوں تاجر اپنے حقوق کیلئے متحد ہیں ،حکومت کو قائل کر لیں گے ‘مرکزی صدر آل پاکستان انجمن تاجران

اتوار 18 اگست 2019 12:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2019ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ فکسڈٹیکس کے معاملے پر حکومت سے مذاکرات میں دلائل کے ساتھ اپنے نقطہ نظر پیش کریں گے اورتاجروں کا کیس بھرپور طریقے سے لڑیں گے ،تاجر رہنما ئوں کی مشاورت جاری ہے اور متفقہ موقف پیش کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف مارکیٹوں کے تاجر رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا جس میں فکسڈ ٹیکس کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ ہم کھلے ذہن کے ساتھ حکومت سے مذاکرات کر رہے ہیں اور قوی امید ہے کہ فکسڈ ٹیکس کے حوالے سے ہم حکومت کو دلائل کے ذریعے قائل کرلیں گے ۔ تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں لیکن حکومت ان پر اتنا بوجھ نہ ڈالے کہ وہ کاروبار بند کرنے پر مجبو رہو جائیں جس سے معیشت کا دیوالیہ نکل جائے گا۔

(جاری ہے)

سامنے آنے والا مجوزہ مسودہ تاجروں نے مسترد کر دیا ہے اور یقینی طو رپر مذاکرات کے بعد نیا مسودہ مرتب کیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ تاجر اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور گزشتہ ماہ تاجروں نے کامیاب ہڑتال کر کے ثابت کردیا ہے کہ خیبر سے کراچی تک لاکھوں تاجر اپنے حقوق کیلئے متحد ہیں ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ فکسڈ ٹیکس کے معاملے پر تاجروں کی کمیٹی ایسی تجاویز دے جو قابل قبول ہوں کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ اس مسئلے کا حل نکلے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے ہونے والے مذاکرات میں دیگر مسائل سے بھی آگاہ کرینگے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں