گیس نرخوں میں31فیصد اضافے کی سفارش صارفین پر93ارب بوجھ مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوگا‘میاں خرم الیاس

گیس کی قیمتوں میں333فیصد پہلے ہی اضافہ ہوچکا مزید گیس مہنگی ہونے سے صنعتی شعبہ متاثر ہوگا ‘چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

جمعرات 14 نومبر 2019 13:41

گیس نرخوں میں31فیصد اضافے کی سفارش صارفین پر93ارب بوجھ مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوگا‘میاں خرم الیاس
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے سوئی گیس کمپنیوں کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور اوگرا کو گیس کمپنیوں کی طرف سے 31فیصد اضافہ کی درخواستوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اضافے سے گیس کے صارفین پر93ارب کا بوجھ پڑے گا ،موجودہ حکومت اب تک گیس کی قیمتوں میں333فیصد تک اضافہ کرکے عوام پر پہلے ہی 194ارب کا بوجھ ڈال چکی ہے جس میں زیادہ بوجھ صنعتی شعبہ پر پڑا جس سے اس کی پیداواری لاگت میں اضافہ اور اشیاء مہنگی ہونے سے ملک میں ہوشربا مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میاں خرم الیاس نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام کے علاوہ صنعتی شعبہ پر زیادہ بوجھ پڑے گا پیداوار مہنگی اور اشیاء مہنگی ہونے سے اس کا اثر برآمدات کی کمی کی صورت میں نکلے گا اس لیے حکومت گیس کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ کو مسترد کرے اور گیس مہنگی کرنے کی بجائے اس کی چوری روکے تاکہ گیس کمپنیوں کے خسارہ میں کمی آسکے انہوںنے کہا کہ گیس پاکستان کے قدرتی وسائل سے حاصل ہورہی ہے اس لیے اس کی قیمتوں میں اضافہ بلاجواز ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں