معیشت کی صورتحال اتنی اچھی نہیں جتنی بتائی جارہی ہے ‘ افتخاربشیر

سرمایہ کاری ،پیداوار ،روزگار اور شرح نمو کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے‘ صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن

منگل 10 دسمبر 2019 16:05

معیشت کی صورتحال اتنی اچھی نہیں جتنی بتائی جارہی ہے ‘ افتخاربشیر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن چوہدری افتخار بشیر نے کہا ہے کہ معیشت کی صورتحال اتنی اچھی نہیں جتنی بتائی جارہی ہے ،زرمبادلہ کے ذخائر، ادائیگیوں کا تواز ن اور روپے کی قدر کچھ بہتر ہوئی جو خوش آئند ہے تاہم گردشی قرضوں میں خاطر خواہ کمی نہیں ہوسکی ، سرمایہ کاری ،پیداوار ،روزگار اور شرح نمو کی صورتحال بدستورتشویشناک ہے ۔

(جاری ہے)

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ حکومت کے سخت اقدامات سے بعض شعبوں میں بہتری آئی ہے جس سے آئی ایم ایف مطمئن ہوا ہے جس کا اظہار بھی کیا جارہا ہے مگر جو شعبے تنرلی کا شکار ہوگئے ہیں ان کے بارے میں خاموشی اختیار نہ کی جائے ۔ درآمدات میں4.4ارب ڈالر کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے پر خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ شرح نمو اور روزگار کی صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے ،ملک میں سرمایہ کاری کی صورتحال بھی انتہائی تشویشناک ہے ،قیمتوں کے مسلسل عدم استحکام سے عوام پریشان، غربت میں اضافہ اور روزگار جیسے اہم شعبہ کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں