وزیراعلیٰ نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں انفراسٹرکچر سمیت تمام سہولیات کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی

فیڈمک کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے بھر پور تعاون پر عثمان بزدار کے مشکور ہیں‘ چیئرمین کاشف اشفاق

جمعہ 13 دسمبر 2019 13:27

وزیراعلیٰ نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں انفراسٹرکچر سمیت تمام سہولیات کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نجی شعبہ کے ساتھ مل کر تجارت اور صنعت کی ترقی کیلئے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور صنعتوں کو مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام فوری طور پر ضروری اقدامات کئے جائیں جو فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی(فیڈمک) کے زیر انتظام سی پیک کے سپیشل اکنامک زون کے ترجیحی منصوبے کے طور پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز سے متعلقہ امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اوراس مقصد کیلئے متعلقہ محکمے فیڈمک کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں گے۔

(جاری ہے)

یہ بات فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کی افتتاحی تقریب کے انتظامات کو بھی تیزی سے حتمی شکل دی جائے جس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کریں گے۔

میاں کاشف نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے دوران تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ان منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ساہیانوالا سے لبرٹی پاور اسٹیشن تک ساڑھے تین کلومیٹر سڑک اور دیگر رابطہ سڑکوں پر کام کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اراضی کے حصول کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات بھی دیئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے سپیشل پروڈکشن یونٹس، خاص طور پر یہاں کام کرنے والی چینی اور دیگر غیر ملکی کمپنیوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے استحکام اور ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے پنجاب میں خصوصی اقتصادی زون قائم کئے جا رہے ہیں جہاں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق معاملات کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جائے۔ فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی 9 میں سے تین خصوصی اقتصادی زونز میں سے ایک ہے جنہیں سی پیک کے تحت ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے اور یہ صنعتی شہر پنجاب میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔

انہوں نے فیڈمک کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے بھر پور تعاون پر وزیر اعلی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہماری کوششوں کا محور ہے۔ میاں کاشف نے کہا کہ حکومت مالیاتی شمولیت اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بھی حوصلہ افزائی کررہی ہے تاکہ سرمایہ کار دستیاب مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بے پناہ قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا مال ہے اور ان کا درست استعمال کیا جائے تو پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو سکتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں