بورڈ آف ریونیو کے محصولات اکٹھا کرنے میں افسران کی خدمات قابل ستائش ہیں،بابر حیات تارڑ

جمعرات 13 اگست 2020 15:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) سینئر ممبربورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑنے کہا ہے کہ بورڈ آف ریونیونے مالی سال 2019-20 میں67331ملین روپے کے محصولات جمع کئے ہیں جو مقررہ ہدف 65000ملین روپے سے 104فیصد زیادہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی محکمہ مال کی جانب سے محصولات اکٹھا کرنے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 9 ڈپٹی کمشنرز،21 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو) اور38 اسسٹنٹ کمشنرز کے اعزاز میںگزشتہ روز سول سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ محصولات اکٹھا کرنے والے افسران و اہلکاروں کی خدمات قابل ستائش ہیں،محنت ، لگن اور دیانت داری سے کام کرنے والے افسران و اہلکار ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، جزا اور سزاکے نظام سے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے اور محنت سے کام کرنے والے افسران و اہلکاروں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ محنتی اور فرض شناس افسران کی کارکردگی قابل تقلید ہے اور ہمیں اسی جذ بے سے کام جاری رکھنا ہے کیونکہ محصولات سے حاصل ہونے والی آمدنی عوام کی فلاح پر خرچ کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ سٹاف نے کورونا اور ٹڈی دل بحران میںبھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ بابر حیات تارڑنے مزید بتایا کہ صوبائی ریونیو اکیڈمی کے قیام پر غورکیا جا رہا ہے تا کہ ریونیو سٹاف کیلئے ٹریننگ کا اہتمام کیا جاسکے۔اسی طرح اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے گا۔اس موقع پر ممبر بورڈ محمد شعیب وڑارئچ، بورڈ ممبران، سیکرٹری ٹیکسزریونیو بورڈ فیصل فرید ، ڈپٹی سیکرٹری ریکوری محمد رفیق و دیگر افسران نے شرکت کی۔ بابر حیات تارڑنے شاندار کارکردگی پرضلعی افسران میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں