لاہور چیمبر کے اچیومنٹ ایوارڈز 2021کی تقریب کا انعقاد

بدھ 22 ستمبر 2021 23:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) 19نامور کاروباری افراد نے بہترین کارکردگی پر لاہور چیمبر کے اچیومنٹ ایوارڈز حاصل کیے ہیں ، ایوان صدر میں ایک شاندار تقریب میں کو ایوارڈز دئیے گئے جن میں زوم مارکیٹنگ آئل کے شہریار ارشدنے پریمیئر اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کیا، بزکیم کے خواجہ ابشام محبوب کو پروفیشنل بزنس مین ایوارڈ دیاگیا۔

بی بی کیم پاک انڈسٹریز کے فیاض حیدر، نیسپاک کے ڈاکٹر طاہر مسعود، دی سفیر انٹرنیشنل کے سفیر بشیر، پاپولر پائپس گروپ آف کمپنیز کے وحید شہزاد، نواز رائس انجینئرنگ کے محمد نواز اکرم نے پروفیشنل بزنس مین ایوارڈ حاصل کیا۔ داتا گروپ کی تہمینہ سعید چوہدری، مارفلیکس گروپ آف کمپنیز کے میاں محمد یونس، اتحاد ٹریڈنگ کمپنی کے جاوید احمد بھٹی، الیکٹرو ٹیک ٹریڈنگ کمپنی کے محمد عرفان، ایس آئی گلوبل سلیوشن کے نعمان احمد سید، ڈیٹیکس اے آئی ٹیکنالوجیز کے عمیر مجید، خیام پبلشر کی رفعت النساء،،اے اے لیدر کے احمد الٰہی، جے ایس این ٹریڈرز کے محمد جواد ، نایابز کی نایاب رضا بخاری، کلائیو شوز کے عون رضا، رائل رولر فلور ملز کے محمد عاطف امین نے ینگ انٹرپرینیور گولڈ میڈل حاصل کیا۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبرکے سابق صدور میاں مصباح الرحمن، طاہر جاوید ملک،لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح، نائب صدر طاہر منظور چوہدری اور کنوینر ایل سی سی آئی قائمہ کمیٹی برائے اچیومنٹ ایوارڈز محمد ہارون اروڑہ نے ایل سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کیے۔اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر میاں طارق مصباح، نائب صدر طاہر منظور چوہدری اورلاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اچیومنٹ ایوارڈ محمد ہارون اروڑہ نے بھی خطاب کیاجبکہ لاہور چیمبر کے سابق صدور میاں مصباح الرحمن، فاروق افتخار، عبدالباسط، طاہر جاوید ملک، سابق سینئر نائب صدور کاشف یونس مہر، خواجہ خاور رشید، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، اعلیٰ حکومتی اعلیٰ عہدیداران اور تاجروں کی بڑی تعدادبھی اس مو قع پر موجود تھی۔

صدر لاہور چیمبر آف کامرس میاں طارق مصباح نے کہا کہ پاکستان نے دیگر ممالک کے مقابلے میں کورونا چیلنجز کا بہتر مقابلہ کیا ہے اور مختلف مشکلات کے باوجود معیشت بحال کرنے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے جس کے لیے حکومت کے بہت سے بروقت فیصلوں کایقینا بہت عمل دخل رہا ہے۔میاں طارق مصباح نے کہا کہ افغانستان میں حکومتی تبدیلی کی وجہ سے جو نئی صورت حال سامنے آئی ہے اسے ہماری کاروباری برادری ایک بڑے کاروباری موقع کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

پاک افغان تجارت کا حجم اس وقت ایک ارب ڈالر کے قریب ہے جبکہ اگر حکومت نجی شعبے کی مشاورت سے اس حوالے سے بہتر حکمت عملی اپنائے تو دو طرفہ تجارتی حجم آسانی سے دو سے تین گنا بڑھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے،اس کی رکن کمپنیاں نئی سرمایہ کاری کرنے، نئی ملازمتیں پیدا کرنے، ٹیکس کی ادائیگی اور ایکسپورٹ ریونیوکے ذریعے قومی خزانے کو بڑھانے میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے لاہور چیمبر کی تقاریب ایوان صدر میں منعقد کرنے کی اجازت دینے پر صدرمملکت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے نائب صدر طاہر منظور چوہدری نے کہا کہ ایل سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈز کا بنیادی مقصد ہمارے ترقی پسند تاجروں کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہے، جو اپنے متعلقہ شعبوں میں کامیابی کی نئی بلندیوں پر پہنچ چکے ہیں۔لاہور چیمبر کی قائمہ کمیٹی برائے اچیومنٹ ایوارڈز محمد ہارون اروڑہ نے بھی ایل سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈز کے مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوارڈز ونرز، لاہور چیمبر کے عہدیداروں اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران کے ہمراہ گروپ فوٹو بنوایا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں