پراپرٹی کی ویلیوایشن میں اضافے کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے‘میاں نعمان کبیر

پیر 6 دسمبر 2021 23:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پراپرٹی کی ویلیوایشن میں اضافہ کا فیصلہ فی الفور واپس لے کیونکہ اس سے ساری معیشت کو نقصان پہنچے گا، مطلوبہ معاشی اہداف حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ صنعت و تجارت سے متعلقہ فیصلے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیے جائیں۔

میاں نعمان کبیر نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے پراپرٹی ویلیوایشن میں اضافے کا فیصلہ زمنی حقائق کے منافی ہے، اس سے نہ صرف پراپرٹی اور تعمیرات کے شعبوں بلکہ ان سے منسلک پچاس سے زائد دیگر صنعتوں کو بھی نقصان ہوگا اور ملک کی معاشی بحالی کے لیے حکومت کی تمام کوششوں کو بھی دھچکا لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے یہ فیصلہ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیے بغیر کیا ہے، ریئل اسٹیٹ، تعمیراتی شعبے اور معیشت کو نقصان سے بچانے کے لیے یہ فیصلہ فورا واپس لینا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پراپرٹی اور تعمیرات کے شعبوں کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیراتی شعبے کے لیے پرکشش مراعاتی پیکیج کا اعلان کیا تھا جس نے ملک بھر میں کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا لیکن اب ایف بی آر کی جانب سے غیرمنقولہ جائیداد کی مارکیٹ ویلیو میں غیرمعمولی اضافہ تمام کوششوں پر پانی پھیر دے گا۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز نے پراپرٹی کی نئی ویلیوایشن پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، حال ہی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست گراوٹ کی ایک بڑی وجہ ایف بی آر کا یہ فیصلہ بھی تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کو صورتحال کی سنگینی سمجھتے ہوئے یہ فیصلہ فورا واپس لینا چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں