تحفظات دور ہونے تک کاروباری مراکز میں پوائنٹ آف سیلز سسٹم کا نفاذ موخر کردیا جائے‘ لاہورچیمبر

منگل 18 جنوری 2022 19:20

تحفظات دور ہونے تک کاروباری مراکز میں پوائنٹ آف سیلز سسٹم کا نفاذ موخر کردیا جائے‘ لاہورچیمبر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) اسٹیک ہولڈرز نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا ہے کہ کاروباری برادری کے تمام تحفظات دور ہونے تک کاروباری مراکز میں پوائنٹ آف سیلز سسٹم کا نفاذ موخر کردیا جائے۔ برانڈرتھ روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے وفد نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق سے ملاقات کی اور بتایا کہ تاجر برادری کو پی او ایس سسٹم کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے جبکہ ایف بی آر کا عملہ ان تاجروں کو ہراساں کررہا ہے جن پر یہ لاگو ہی نہیں ہوتا۔

لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ بہت سے ایسے تاجر ہیں جنہوں نے سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے وقت خود کو ریٹیلر بتایا تھا جبکہ وہ ہول سیلرز کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں،انہیں اپنے سیلز ٹیکس رجسٹریشن میں اپنے کاروبار کے زمرے میں تبدیلی کا موقع دیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر تاجر/ درآمد کنندگان متعلقہ محکموں میں رجسٹرڈ ہیں لیکن ان کے صارفین/ خریداروں کی ایک بڑی تعداد ابھی تک غیر رجسٹرڈ ہے۔

اس سے ان کے لیے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے میں مسائل پیدا ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مارکیٹوں میں موجود ایف بی آر حکام/انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کی طرف سے تاجروں کو ہراساں کرنے کا عمل فوری روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی اوز/ایل ٹی یوز کے چیف کمشنرز کو ہدایت کی جانی چاہیے کہ وہ لاہور چیمبر میں پی او ایس کے بارے میں آگاہی سیشنز کا انعقاد کریں تاکہ اس کے ممبران پریکٹیشنرز سے مشورہ کیے بغیر قانون کی تعمیل کرنے کے قابل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پی او ایس سافٹ ویئر کے نفاذ سے رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی حوصلہ شکنی ہوگی، اسمگلنگ میں اضافہ ہوگا اور معاشی سرگرمیاں جمود کا شکار ہونے کی وجہ سے ٹیکس ریونیو پر منفی اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پالیسی سب کے لیے ایک ہونی چاہیے بلکہ پی او ایس کے معاملے پر سٹیک ہولڈرز ، بالخصوص لاہور چیمبر کو اعتماد میں لیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں