صنعت و تجارت کے مفادات کے لیے لاہور اور چنیوٹ چیمبرز کا مل کر کام کرنے پر اتفاق

برانڈنگ اور جدت کا فروغ ان کاروباری افراد کے لیے کامیابی کی کلید ہے جو بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوانا چاہتے ہیں‘رحمن عزیز چن

جمعہ 27 مئی 2022 23:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2022ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور چنیوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری صنعت و تجارت کو درپیش مسائل حل کرانے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق اور چنیوٹ چیمبر کے صدر دانش فخری نے اس موقع پر خطاب کیا۔

اجلاس کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں چیمبرز مشترکہ مفاد ات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک متفقہ حکمت عملی تیار کریں گے اور تجارت سے متعلق معلومات و ڈیٹا کا تبادلہ کریں گے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور چنیوٹ چیمبر آف کامرس ٹیکس کے معاملات، بجٹ کی سفارشات اور دیگر قومی پالیسیوں کے متعلق تجاویز تیار کرنے کے لیے بھی ایک دوسرے تعاون کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن نے کہا کہ برانڈنگ اور جدت کا فروغ ان کاروباری افراد کے لیے کامیابی کی کلید ہے جو بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چنیوٹ چیمبر کے ساتھ مل کر اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اور چنیوٹ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان تعاون کے فروغ سے لاہور اور چنیوٹ کی کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ لاہور چیمبر اوپن ڈور پالیسی پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی مضبوطی اتحاد میں پوشیدہ ہے اس لیے انہیں مل کر کام کرنا اور ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چنیوٹ چیمبر کے صدر دانش فخری نے کہا کہ لاہور چیمبر اور چنیوٹ چیمبر آف کامرس کے درمیان ہم آہنگی بہت دور رس نتائج کی حامل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ معیاری مصنوعات اور تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع سے مالامال ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں