قومی ضروریات کے مطابق اساتذہ کو کردار ادا کرنا ہوگا، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی

پنجاب یونیورسٹی اجلاس میں ملک میں حالیہ دہشت گردی کی بھرپور مذمت ، لواحقین سے اظہار یکجہتی

بدھ 18 جولائی 2018 19:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2018ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیا ز احمد نے اساتذہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ دارویوں کا احساس کرتے ہوئے ملک و قوم کی ضروریات کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی الرازی ہال میں منعقدہ ڈینز، پرنسپلز ، ڈائریکٹرز ، چیئرپرسنز اور سربراہان کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اپنے خطاب میں پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کو اس مقام پر لے کر جائیں گے جو کہ اس کا حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی تدریس کے اعلیٰ معیار پر توجہ مرکوز رکھے گی تاکہ بین الاقوامی سطح کے گرایجوئیٹس پیدا کئے جا سکیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ بہترین اساتذہ تعینات کرے گی اور بہترین ذہنوں کو یونیورسٹی میں واپس لائیں گے ۔

(جاری ہے)

پنجاب یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ میں بہتری کیلئے تمام وسائل کو بھرپور طریقے سے استعمال کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اپنی اپنی فیکلٹیوں کے تمام معاملات میرٹ کے مطابق چلانے کیلئے انتظامیہ کی طرف سے متعلقہ ڈینز اور شعہ جات کے سربراہان کو مکمل اختیارات تفویض کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ہر سطح پر میرٹ کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی میرٹ پر بھرتیاں کر کے طلبہ اور اساتذہ کے تناسب کوبرقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی و بین الاقوامی اداروں سے کئے گئے معاہدوں کو موثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں اساتذہ اور طلبہ کی عزت و احترام کے کلچر کو فروغ دیا جائے گا۔ اجلاس میں مستونگ ، خیبر پختونخواہ اور ملک کے دیگر حصوں میں ہونیو الے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ اقدامات سے پاکستان کے بہادر عوام کے حوصلے پست نہیںکئے جا سکتے۔انہوں نے دہشت گرد حملوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں