یو نیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میںشجرکاری مہم کاآغاز

منگل 7 اگست 2018 17:27

لاہور۔7 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2018ء) یو نیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میںشجرکاری مہم کاآغاز کر دیا گیا، وائس چانسلریو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کیلئے شروع کی گئی -'شجرکاری 'مہم کا آغاز پودا لگا کرکیا،ڈائریکٹر الخوارزمی انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنسز ڈاکٹر وقار ، ڈویژنل فورسٹ آفیسر محکمہ جنگلات پنجاب سلیم ملک ،ڈین الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر سہیل آفتاب، اسسٹنٹ پروفیسر اسلامک سٹڈیزڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر تنویر قاسم اورترجمان یو ای ٹی علی اشرف نے خصوصی شرکت کی اور اپنے اپنے نام کے پودے لگا کر مہم میں حصہ لیا، اس سلسلے میںیونیورسٹی کے طول و عرض میں بیس سے زائد پودے لگائے گئے،مہم کا مقصد کیمپس کو سر سبز وشاداب بناکر طلباء کو صحت افزاء ماحول فراہم کرنا ہے،اس موقع پر وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے طلبہ،سٹاف اور فیکلٹی ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلوبل وارمنگ ایک بڑے خطرے کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے،درخت ماحول کو بہتر بنانے اور ہیٹ ویوز کو روکنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں،ہم بڑی تعداد میں درخت لگا کر گلوبل وارمنگ کے خطرے سے بچ سکتے ہیں،ان کا مزید کہنا تھا کہ پودے لگا کر ہم دنیا کو درپیش موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل پر قابو پاسکتے ہیں، اس مقصد کیلئے باقی جامعات میں بھی اس قسم کی سر گرمیاں منعقد کروائی جانی چاہیئں،انہوں نے طلباء کوکیمپس میں موجودہ پودوں اور درختوں کا نہ صرف خیال رکھنے بلکہ انکی تعداد میں اضافے کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی ہدایات بھی جاری کیں،انجینئرنگ یونیورسٹی نہ صرف لاہور کیمپس بلکہ ذیلی کیمپسز بھی شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا،اس سلسلے میں کالا شاہ کاکو کیمپس میں 14اگست کو جشن ِآزادی کے موقع پر خصوصی شجرکاری کی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں