پنجاب یونیورسٹی اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مابین معاہدہ

جمعرات 16 اگست 2018 21:25

لاہور۔16 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) چیئرمین پنجا ب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین نے کہا ہے کہ مارکیٹ کے تقاضو ں کے مطابق گریجوایٹس کیلئے مہارت پر مبنی تعلیم کا فروغ ملک میں معاشی انقلاب کا باعث بنے گا، وہ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی آفس کے کمیٹی روم میں پنجاب یونیورسٹی کے الحاق شدہ کالجز میں مہارت پر مبنی تعلیم کے فروغ کیلئے منعقدہ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب کے بعد اجلاس سے خطاب کر رہے تھے،اس موقع پر وائس چانسلر پنجا ب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد ، ڈائریکٹر ایکسٹرنل پروفیسر ڈاکٹر کنول امین ، ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد سرویا و دیگر نے شرکت کی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرمحمد نظام الدین نے انٹر ن پنیور شپ کلچر اور گریجو ایٹس کے معیار کو بہتر کرنے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ایک طریقہ کار بنا رہا ہے جس کے ذریعے صنعتوں کے ماہرین کی نصاب سازی میں معاونت لی جائے گی اور نصاب میں عملی علم کو فروغ دیا جائے گا، وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے اس بات پرزور دیا کہ طلباء اپنے متعلقہ شعبہ جات میں مہارت حاصل کریں، معاہدے کے مطابق دونوں فریقین مشترکہ طور پر کالجز کے اساتذہ کوتربیت فراہم کریں گے تاکہ وہ سمسٹر قوانین کو لاگو کر سکیں، مزید برآں کمیونٹی کالجز پروگرام کے تحت اساتذہ کو جدید تدریسی طریقہ کار اپنانے کیلئے تربیت دی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں