لاہوراحتساب عدالت میں پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت

عدالت کا پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

پیر 22 اکتوبر 2018 21:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) احتساب عدالت نے پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔لاہور کی احتساب عدالت میں پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان ڈاکٹر اورنگزیب عالمگیر،ڈاکٹر لیاقت علی، ڈاکٹر کامران زاہد، ڈاکٹر راس مسعود اور امین اطہر کا مزید جسمانی ریمانڈ نہ لینے کی درخواست کی اور کہا کہ تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے دیا جائے۔

اس دوران وکیل مجاہد کامران کا کہنا تھا جب تفتیش میں کچھ ثابت نہیں ہوا تو تمام ملزمان کو رہا کیا جائے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا، جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔خیال رہے کہ 11 اکتوبر کو غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

بعد ازاں 12 اکتوبر کواحتساب عدالت نے غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں گرفتار پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت 6 ملزمان کو 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔تاہم گرفتاری کے بعد ایک اہم معاملہ یہ سامنے آیا تھا کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر مجاہد کامران اور دیگر پروفیسرز کو ہتھکڑی لگا کر احتساب عدالت میں پیش کرنے کا نوٹس لیا تھا۔

اگلے روز سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی تھی جہاں نیب کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نے مجاہد کامران اور دیگر پروفیسرز کو ہتھکڑی لگا کر احتساب عدالت میں پیش کرنے پر عدالت سے معافی مانگ لی تھی۔علاوہ ازیں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے جامعہ پنجاب کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران اور دیگر 4 اساتذہ کو ہتھکڑی لگا کر احتساب عدالت میں پیش کرنے پر ایڈیشنل ڈائریکٹر کو ان کے عہدے سے معطل کردیا تھا۔واضح رہے کہ پروفیسر مجاہد کامران، 2 سابق رجسٹرار پروفیسرز ڈاکٹر راس مسعود اور پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، 2 ایڈیشنل رجسٹرار پروفیسرز ڈاکٹر اورنگزیب عالمگیر اور ڈاکٹر کامران عابد پر جامعہ پنجاب میں 5 سو 50 غیر قانونی تقرریاں کرنے کا الزام ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں